معروف سکالرڈاکٹر عامر طاسین نے آٹھویں مرتبہ بہترین سیرت مقالہ نگار کا ایوارڈ حاصل کرلیا

بدھ 20 اکتوبر 2021 16:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2021ء) :بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی بورڈ آف گورنر کے رکن،معروف محقق اسکالر،سیرت نگار، ماہر تعلیم ڈاکٹر محمد عامر طاسین نے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی سالانہ قومی سیرت کانفرنس میں قومی سطح پر آٹھویں مرتبہ سیرت مقالہ پر ایوارڈ کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے تحت 11 اور 12 ربیع الاول کواسلام آباد میں منعقدہ سیرت کانفرنس کے موقع پرہر سال کی طرح امسال بھی پورے پاکستان سے بہترین کتب،رسائل و جرائد کے مصنفین کے علاوہ بہترین سیرت مقالہ نگار وں کو بھی اعزازات دیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق معروف اسکالر، محقق، سیرت نگار ڈاکٹر محمد عامر طاسین جوکہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی بورڈ آف گورنر کے رکن، مجلس علمی فاؤنڈیشن کے ایگز یکٹیو ڈائریکٹر اور سابق چیئر مین پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، ماہر تعلیم  برائے مدارس ریفارم اور دیگر کئی اداروں کے اعزازی رکن بھی ہیں نے اس سال قومی سطح پر سیرتؐ  صدارتی ایوارڈ کا اعزاز  قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری سے وصول کیا۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی جانب سے اس سال قومی کانفرنس کا عنوان ''اتحاد و اتفاق کے لیے مساجد، مدارس، خانقاہ اورامام بارگاہ کا کردار تعلیمات نبوی ﷺ کی روشنی میں ''مقرر تھا۔ ڈاکٹر عامر طاسین کو اس سے قبل  7 مرتبہ مختلف وزرائے اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر مذہبی امور سے ایوارڈز بھی حاصل کرنے کا اعزاز رہا ہے۔ 2006 میں عصر حاضر کے تقاضے ایک روشن خیال اعتدال پسند اسلامی معاشرے کی تشکیل و ضرورت،2008  بین التہذیبی اور بین الثقافتی تقارب و ہم آہنگی،2009  تعلیمات نبوی ﷺ اور عالمگیر تہذیب کا تصور،2011 تعلیم و تربیت میں ہم آہنگی، 2013 عدل اجتماعی کا تصور،2014 سرکاری مناصب و ذرائع کا ذمہ دارانہ استعمال،2019 ریاست مدینہ اور اسلامی فلاحی مملکت کا تصور اور اب انہیں  آٹھویں مرتبہ بعنوان'' اتحاد و اتفاق کے لئے مساجد، مدارس، خانقاہ اورامام بارگاہ کا کردار تعلیمات نبوی ﷺ کی روشنی میں“ قومی سطح پر اعزاز حاصل ہوا۔