24 گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کا تیسرا حملہ

بلوچستان کے ضلع کیچ میں ہوئے حملے کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید، جوابی کاروائی میں 2 دہشت گرد جہنم واصل

muhammad ali محمد علی بدھ 20 اکتوبر 2021 22:34

24 گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کا تیسرا حملہ
کیچ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اکتوبر2021ء) 24 گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کا تیسرا حملہ، بلوچستان کے ضلع کیچ میں ہوئے حملے کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید، جوابی کاروائی میں 2 دہشت گرد جہنم واصل۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے بلوچستان کے ضلع کیچ میں موجود سیکورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا گیا۔

دہشت گردوں کے حملے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے بھی بھرپور جواب دیا۔ حملے کے بعد فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں سپاہی محمد قیصر جام شہادت نوش کر گیا، جبکہ 2 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کا تیسرا حملہ ہے۔ کیچ میں ہوئے حملے سے قبل بدھ کی شام کو ضلع باجوڑ میں سیکورٹی پر معمور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع باجوڈ کی تحصیل وڑما موند میں ہوئے بم دھماکے کے نتیجے میں 4 سیکورٹی اہلکار جام شہادت نوش کر گئے۔ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے 2 اہلکاروں کا تعلق پولیس اور 2 اہلکاروں کا تعلق ایف سی سے ہے۔ جبکہ اس سے قبل ضلع ہنگو کے علاقے تھل میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ضلع ہنگو کے علاقے تھل میں فوجی چوکی پر فائرنگ کی۔فوجی چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کا واقعہ رات گئے پیش آیا۔پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کا موثر انداز میں مقابلہ کیا۔فائرنگ کے تبادلے میں مانسہرہ کا رہائشی 26 سالہ سپاہی وقاص شہید ہوگیا۔