گرم کپڑے نکال لیں، سردی والے موسم کی آمد میں چند گھنٹے باقی

جمعہ سے ملک کے کئی علاقوں میں آندھی کیساتھ موسلادھار بارشوں اور ژالہ کا سلسلہ شروع ہو گا، شمالی علاقوں میں برفباری بھی ہو گی

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 اکتوبر 2021 18:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2021ء) گرم کپڑے نکال لیں، سردی والے موسم کی آمد میں چند گھنٹے باقی، جمعہ سے ملک کے کئی علاقوں میں آندھی کیساتھ موسلادھار بارشوں اور ژالہ کا سلسلہ شروع ہو گا، شمالی علاقوں میں برفباری بھی ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسم سرد ہو جانے کا امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں جمعہ سے آندھی کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا جو اتوار کے روز تک جاری رہے گا۔

مغربی ہواوں کا سلسلہ جمعہ کو ملک کے بالائی وسطی علاقوں میں داخل ہوگا جس کے باعث جمعہ کی شام سے اتوار تک لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ خیبرپختونخواہ کے کئی اضلاع مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی، پشاور، وزیرستان میں بھی آندھی کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ان علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ جبکہ کئی شمالی علاقوں میں برفباری ہونے کا بھی امکان ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کی شام سے اتوار تک گلگت بلتستان، کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ بتایا گیا ہے کہ موسم کی اس صورتحال کی وجہ سے جہاں ایک طرف سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا، وہیں میدانی علاقوں میں عین کٹائی کے وقت بارشیں ہونے سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ہے۔