بلوچستان میں سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی

مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علماء اسلام مولانا عبدالغفور حیدری اورنواب ثناء اللہ زہری کوئٹہ پہنچ گئے ناراض اور اپوزیشن ارکان اسمبلی سے ملاقات ،وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیاگیا

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 23:14

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) بلوچستان میں سیاسی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری،پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ زہری ، بی اے پی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالرشید بلوچ، سابق وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ کوئٹہ پہنچ گئے ،ناراض اور اپوزیشن ارکان اسمبلی سے ملاقات وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ خیال کیاگیا ، تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر و مرکزی رہنما نواب ثناء اللہ زہری،کوآرڈینیٹر برائے بلوچستان امور جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ کوئٹہ پہنچ گئے،کوئٹہ ائیرپورٹ پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند خان جوگیزئی نے انکا استقبال کیا جبکہ جمعیت علماء اسلام کے جنرل سیکرٹری و سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری بھی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں،نواب ثناء اللہ زہری، مولانا عبدالغفور حیدری ،مولانا عبدالواسع سمیت دیگر نے بی اے پی کے ناراض اور بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان سے اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اس موقع پر صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتمادپر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیادوسری جانب بی اے پی کے رکن عبدالرشید بلوچ بھی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں ۔