احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن دسمبر تک مکمل ہوجائے گی، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

جمعرات 25 نومبر 2021 16:29

احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن دسمبر تک مکمل ہوجائے گی، ڈاکٹر ثانیہ ..
لاہور۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2021ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جمعرات کے روزصوبائی دارلحکومت لاہور کے دورہ کے دوران شادمان میں واقع سویرا جنرل سٹور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر یاور عباس بخاری، ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس راشن پروگرام کی رجسٹریشن دسمبر تک مکمل ہوجائے گی جس میں 8171پر اپنے نام سے رجسٹرڈ نمبر سے لوگ ایس ایم ایس کر سکتے ہیں ،اس پروگرام میں ایک گھرانے سے ایک ہی فرد رجسٹرڈ ہو سکتا ہے، اگر ایک گھر میں 4 لوگ علیحدہ علیحدہ رہتے ہیں تو ان کی رجسٹریشن ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کریانہ دکانوں کی بھی رجسٹریشن ہو گی جو ویب سائٹ کے ذریعے ہو گی جس کے لیے نیشنل بنک میں اکاونٹ ضروری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دسمبر میں رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد لوگ رعایت حاصل کر سکیں گے اور یہ رعایت آٹے ،دالوں اور تیل، گھی پر ہو گی۔ثانیہ نشتر نے کہا کہ دکانوں کے باہر سائن بورڈذ لگے ہوں گے جبکہ خریدار اپنا شناختی کارڈ اور موبائل ایس ایم ایس دکھائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں رجسٹریشن کی کوئی فیس نہیں، اس سلسلہ میں عوام بدعنوانوں سے ہوشیار رہیں ۔قبل ازیں ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے ثانیہ نشتر کو احساس راشن پروگرام کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کئے جانیوالے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔