Live Updates

پنجاب حکومت صوبائیت کا کارڈ کھیلنے کی بجائے تباہ حال صوبے کی عوام پر دھیان دے

پنجاب حکومت بتائے کہ زرعی ایمرجنسی میں کسان کو کیا ریلیف دیا گیا؟ پنجاب حکومت بتائے کہ وہ بین الاقوامی امداد لینے سے کیوں گریزاں ہے؟ رہنماء پیپلزپارٹی سینیٹر پلوشہ خان کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 ستمبر 2025 20:26

پنجاب حکومت صوبائیت کا کارڈ کھیلنے کی بجائے تباہ حال صوبے کی عوام پر ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 18 ستمبر 2025ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر پلوشہ خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت صوبائیت کا کارڈ کھیلنے کی بجائے تباہ حال صوبے کی عوام پر دھیان دے، پنجاب حکومت بتائے کہ زرعی ایمرجنسی میں کسان کو کیا ریلیف دیا گیا؟ پنجاب حکومت بتائے کہ وہ بین الاقوامی امداد لینے سے کیوں گریزاں ہے؟ انہوں نے پنجاب حکومت کے وزراء کے بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا کہ پنجاب حکومت صوبائیت کا کارڈ کھیلنے کے بجائے تباہ حال صوبے کی عوام پر دھیان دے۔

پنجاب حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں پر توجہ دینے کے بجائے غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے میں مصروف ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو مستقل سیلاب زدگان کو ریلیف دینے کی بات کر رہے ہیں، پلوشہ خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطالبے پر زرعی ایمرجنسی نافذ کی، پنجاب حکومت یہ وضاحت کرے کہ زرعی ایمرجنسی میں کسان کو کیا ریلیف دیا گیا ہے؟ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے مطالبے کے بعد وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے بجلی کے بل معاف کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرین کو ریلیف دینے سے کیوں گھبرا رہی ہے؟ پنجاب حکومت یہ بھی بتائے کہ وہ بین الاقوامی امداد لینے سے کیوں گریزاں ہے؟ وفاقی و صوبائی حکومتِ پنجاب سیلاب متاثرین کی مکمل بہالیکے عمل کو یقینی بنائے، پاکستان پیپلزپارٹی چاروں صوبوں کی عوام کی نمائندہ جماعت ہے، پنجاب کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

پاکستان پیپلزپارٹی سیلاب سے متاثرہ صوبوں سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے لیے یکساں فکر مند ہے۔ مزید برآں نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش اور ملازمین سے کیے گئے وعدوں کی عدم تکمیل کو  افسوسناک اور ظالمانہ  قرار دیا۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کا عوامی تحفہ اور فلاحی وژن کی علامت تھے۔ مہنگائی کے اس طوفان میں سستے یوٹیلٹی اسٹورز بند کرنا عوام دشمنی ہے۔ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی زندگی مزید مشکل بنا رہی ہے۔ ہزاروں یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین تنخواہوں اور اعلان کردہ پیکج سے محروم ہیں۔ 
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات