اسلام آباد : خواتین نے الیکٹریشن کورس مکمل کرکے نئی مثال قائم کردی

جمعرات 18 ستمبر 2025 20:44

اسلام آباد : خواتین نے الیکٹریشن کورس مکمل کرکے نئی مثال قائم کردی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن پاکستان (نیو ٹیک) کے زیر اہتمام شی فکسز پروگرام کے تحت الیکٹریشن کورس مکمل کرنے والی 25 طالبات کو سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ یہ تقریب اقرائ ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر جھنگ کی زیر نگرانی ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جس میں والدین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب کی مہمان خصوصی چیئرپرسن نیوٹیک گل مینہ بلال احمد تھیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ابتدا میں خدشات ظاہر کیے گئے تھے کہ یہ پروگرام خواتین کے لیے موزوں نہیں ہوگا کیونکہ مقامی روایات خواتین کو ایسے شعبے میں آگے بڑھنے سے روکتی ہیں۔ تاہم، اخبارات میں اشتہار شائع ہونے کے بعد والدین کی بڑی تعداد اپنی بیٹیوں کو داخل کرانے کے لیے خود مرکز پہنچی، جس نے یہ ثابت کیا کہ سوچ بدل رہی ہے۔

(جاری ہے)

گل مینہ بلال احمد نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسی خواتین کو مردوں کے برابر معاشی حقوق دینا ہے اور اسی مقصد کے تحت "شی فکسز" پروگرام شروع کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ کامیاب طالبات اب گھروں میں بجلی کے تمام کام از خود انجام دیتی ہیں، حتیٰ کہ یو پی ایس کی مرمت بھی خود کر لیتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر "شی فکسز" پروگرام کے پہلے بیچ کی 25 کامیاب طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جسے اہل علاقہ نے ایک تاریخی قدم قرار دیا۔