اب سستی گیس کسی کو نہیں ملے گی

حکومت کا سستی مقامی گیس کے نئے کنکشنز نہ دینے کا فیصلہ، 30 لاکھ درخواستیں مسترد کرنے کی ہدایت

muhammad ali محمد علی جمعرات 18 ستمبر 2025 20:22

اب سستی گیس کسی کو نہیں ملے گی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر2025ء) اب سستی گیس کسی کو نہیں ملے گی، حکومت کا سستی مقامی گیس کے نئے کنکشنز نہ دینے کا فیصلہ، 30 لاکھ درخواستیں مسترد کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈویڑن نے وفاقی کابینہ کا منظور کردہ فریم ورک سوئی سدرن اور سوئی ناردرن کو ارسال کر دیا جس میں ملکی گیس پر کنکشن لگانے کے لئے مستقل طور پر پابندی عائد کر دی گئی اور پہلے سے وصول شدہ 30 لاکھ درخواستوں کو منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق درآمدی گیس پر گیس کنکشن کے لئے فریم ورک 9 شرائط پر مبنی ہے۔سوئی سدرن اور ناردرن ایک سال میں 50 فیصد صارفین کو ارجنٹ فیس کے ساتھ گیس کنکشن فراہم کر سکے گی، ارجنٹ فیس ادا کرنے والے صارفین کو 3 ماہ میں درا?مدی گیس پر نیا کنکشن فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک سال منقطع رہنے والے گھریلو گیس کنکشن کے صارفین کو درآمدی گیس کا کنکشن ملے گا، درآمدی گیس کنکشن کا ٹیرف ملکی گیس کے مقابلے میں 70فیصد زیادہ ہوگا۔

حال ہی میں حکومت کی جانب سے گھریلو گیس صارفین کو نئے کنکنشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کی خوشخبری سنائی گئی، تاہم اس فیصلے کے بعد سامنے آنے والی تفصیلات نے گیس صارفین کو پریشان کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے گھریلو گیس کنکنشن لگوانے والے صارفین کو ناصرف مہنگی گیس ملے گی، ساتھ ساتھ انہیں نئے کنکشن کیلئے ہزاروں روپے کی اضافی ادائیگیاں بھی کرنا ہوں گی۔

حکومت نے نئے کنکشن لگوانے کے خواہش مند گھریلو گیس صارفین کیلئے سیکورٹی ڈیپازٹ اور ڈیمانڈ نوٹس کی فیس میں ہزاروں روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔ جو درخواست پہلے سے ہی سیکورٹی ڈیپازٹ اور ڈیمانڈ نوٹس فیس جمع کروا چکے، انہیں بھی اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔ اس کے علاوہ نئے گھریلو گیس صارفین کو پرانے گیس صارفین کے مقابلے میں مقامی گیس کے بجائے ایل این جی گیس فراہم کی جائے گی، جس کی قیمت بھی کہیں زیادہ ہو گی۔

درآمدی لکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) گھریلو صارفین کو اوسطاً 65 فیصد مہنگی پڑے گی۔ ذرائع کے مطابق درآمدی ایل این جی کی اوسط قیمت 3ہزار 34روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملک میں مقامی گیس کی اوسط قیمت 1ہزار 836روپے 93پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ماہانہ ایل این جی کے 10کارگو درآمد کرتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ لکویفائیڈ نیچرل گیس کی درآمد ایک ارب مکعب فٹ یومیہ ہے۔ ملک میں معاشی سرگرمیاں کم ترین سطح پر آ جانے کے بعد حکومت اربوں ڈالرز کی ایل این جی استعمال میں لانے سے قاصر ہے، اسی باعظ نئے گھریلو گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ اربوں ڈالرز کی اضافی ایل این جی فروخت کی جا سکے۔