Live Updates

ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.67 فیصد کمی ہوئی،

ٹماٹرکی قیمت میں 15.42 فیصد، پیاز 7.43 ، چینی 1.87 ،آٹا 0.95 ، ایل پی جی 0.73 ، اری چاول 0.59 اورگڑکی قیمت میں 0.15 فیصد کمی ریکارڈکی گئی ، شماریات بیورو

جمعہ 26 نومبر 2021 16:39

ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.67 فیصد  کمی  ہوئی،
اسلام آباد۔(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2021ء) :ملک میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 0.67 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے،ہفتہ رفتہ میں 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، 20 کی قیمتوں میں اضافہ اور23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔پاکستان بیوروبرائے شماریات کے اعدادوشمارکے مطابق 25 نومبر2021 کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران مشترکہ آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ (ایس پی آئی ) میں 0.67 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتہ کے دوران ٹماٹرکی قیمت میں 15.42 فیصد، پیاز کی قیمت میں 7.43 فیصد، چینی 1.87 فیصد،آٹا 0.95 فیصد، ایل پی جی 0.73 فیصد، اری چاول 0.59 فیصد اورگڑکی قیمت میں 0.15 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ۔ اس کے برعکس واشنگ سوپ کی قیمت میں 2.77 فیصد،کیلا 2.11 فیصد، ڈھائی کلوبناسپتی گھی 2.01 فیصد، کوکنگ آئل5 لیٹر1.32 فیصد، جلانے کی لکڑی 1.09 فیصد اورمسورکی دال کی قیمت میں 1.03 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں پیازکی قیمت میں 37.91 فیصد، دال مونگ 28.20 فیصد، آلو25.82 فیصد، ٹماٹر11.72 فیصد اورچینی کی قیمت میں 0.57 فیصدکی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآّمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں0.81 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے ، 29518 روپے سے لیکر44175 روپے، 44176 اور اس سے زائدماہوارآمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.82 فیصد، 0.76 فیصد، 0.73 فیصد اور0.59 فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے۔

صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کاتعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوںمیں 51 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی بنیادپرکیا جاتا ہے ۔ دریں اثنا وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات مزمل اسلم نے کہاہے کہ حکومت ضروری اشیا کی قیمتوں کے استحکام اوران پرقابوپانے کیلئے ضروری اقدامات کررہی ہے۔ جمعہ کواپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاہے کہ توقع کے مطابق  غذائی اشیاءکی قیمتیں گرنا شروع ہو گئی ہیں۔ ٹماٹر، پیاز، چینی، آٹا، چکن، چاول اور گڑ میں ہفتہ وار کمی کا رجحان دیکھنے میں آرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ آلو، دال مونگ، ٹماٹر، اور پیاز کی قیمتوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔ترجمان نے کہاکہ تمام درآمدی آئٹمز میں خوردنی تیل  کا حجم اب بھی زیادہ  ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات