U’’اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان‘‘ کا اجلاس

اتوار 28 نومبر 2021 17:45

ّ کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2021ء) ’’اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان‘‘ کا اجلاس مولانامفتی محمد تقی عثمانی کے زیرِ صدارت دارالعلوم کراچی میں منعقد ہوا، اجلاس میں مفتی منیب الرحمٰن، محمد حنیف جالندھری ، یٰسین ظفر، عبدالمالک، حافظ سیدریاض حسین نجفی ، مولانا عبید اللہ خالد،صاحبزادہ عبدالمصطفٰی ہزاروی، مولانا محمد سلفی، ڈاکٹر مولانا عطاء الرحمٰن،سید مرید حسین نقوی ، صاحبزادہ محمد ریحان امجد نعمانی، فیاض حسین نقوی سمیت مختلف مکاتب فکر کے جید علمائے کرام نے شرکت کی،اجلاس میں اس حقیقت کا اعادہ کیا گیا کہ برصغیر پاک وہند میں، تحریکِ آزادی ہو یا تحریکِ پاکستان،اسلامی تعلیمات اور اسلامی اًقدار کے فروغ میں دینی مدارس وجامعات کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں اور اس خطے کے علماء کی دینی خدمات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے، برصغیر پاک وہند کے دینی مدارس وجامعات کے فضلاء دنیا کے تقریباً تمام ممالک میں پھیلے ہوئے ہیں اور دینی خدمات انجام دے رہے ہیں اور وہ پاکستان کے رضاکارانہ سفیر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک گیر سطح پر اتحادِ تنظیماتِ مدارس پاکستان کو منظّم کیا جائے گا، دسمبر کے پہلے ہفتے میں صوبائی تنظیمیں مکمل کی جائیں گی اور اس کے بعد ڈویڑنل سطح پر تنظیماتِ مدارس کا نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دینی مدارس وجامعات کی حٴْرِّیتِ فکر وعمل، خود مختاری اور خود داری کا برقرار رہنا ملک میں دینی ق اًقدار کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے اور اسے ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے گا، خواہ حالات کتنے ہی ناسازگار ہوں۔

نیز یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر بالترتیب اتحادِ تنظیماتِ مدارس کے کنونشن منعقد کیے جائیں گے اور اٴْن میں معاشرے کے تمام طبقات کے نمائندہ افراد کو بطورِ مبصّر شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ سب کو حقائق سے آگاہی حاصل ہو، نیز یہ بھی طے کیا گیا کہ ہم حکومت سے تصادم نہیں چاہتے بلکہ تعمیری مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں، کیونکہ اس وقت ملک کے داخلی اور خارجی حالات بالخصوص ہمارے گِردوپیش کے حالات کسی تصادم اور خلفشار کے متحمل نہیں ہوسکتے۔