امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس غیر نصابی سرگرمیوں میں کسی سے پیچھے نہیں ‘ وی سی ، یو ایچ ایس

ْکھیل انسانی صحت کے علاوہ دنیامیں تبدیلی لانے کی اہلیت رکھتے ہیں ‘ پرنسپل پی جی ایم آئی

اتوار 28 نومبر 2021 18:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ کھیل صحت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں تبدیلی لانے کی اہلیت رکھتے ہیں اور سپورٹس سوسائٹی کے مابین بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی صحت کا خیال رکھنے اور انہیں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے والے معالجین کا خود کو تندرست و توانا رکھنا بھی انتہائی اہم ہے جبکہ میڈیکل کے طلباء و طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور صحت مند رجحان کو فروغ دینے کیلئے مختلف نوعیت کی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے گورنمنٹ امیر الدین میڈیکل کالج (پی جی ایم آئی ) کے سپورٹس گالا کے اختتام پرتقریب تقسیم انعامات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹرجاوید اکرم سمیت فیکلٹی ممبران ، سپورٹس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹرفاروق افضل، فائنل ائیر کی طالبہ سپورٹس پریزیڈنٹ فا بیہا ء قیوم و دیگر طلباء و طالبات موجود تھے۔

پروفیسر جاوید اکرم نے امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس کی اہلیت و ذہانت کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ امتحانات میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بھی کسی سے پیچھے نہیںہیںجوکہ انتہائی خو ش آئند امر ہے۔پروفیسر الفرید ظفر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جسمانی و ذہنی صحت کیلئے کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی ضروری ہیں اور سپورٹس مین سپرٹ کے ذریعے طلباء و طالبات کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے سے نمایا ں درجہ میں کامیابی کا جذبہ پروان چڑھتا ہے۔

پرنسپل کا کہنا تھا کہ میڈیکل کی تعلیم انتہائی محنت طلب چیلنج ہے جس کیلئے سٹوڈنٹس بہت زیادہ وقت مطالعہ کرنے میں گزارتے ہیں لہذا ان کے ذہن کو تازگی بخشنے کیلئے غیر نصابی سرگرمیاں بہت نمایاں کردار ادا کر تی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ طلبا کے ساتھ طالبات بھی کھیلوںکی سرگرمیوں میں جوش و خروش سے حصہ لے رہی ہیں اور اس مرتبہ اے ایم سی کی طالبہ فابیہاء قیوم کوسپورٹس پریزیڈنٹ کا اعزاز حاصل ہوا ہے جس نے 3میڈلز ، 7شیلڈز اور 1ٹرافی اپنے نام کی جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی لڑکوں سے آگے نکل رہی ہیں جس کا مقابلہ کرنے کیلئے طلبا کو سخت محنت کرنا ہو گی۔

مہمان خصوصی نے پرنسپل کے ہمراہ پوزیشن ہولڈرز کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ سپورٹس ویک کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے جس میں امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس نے بھرپور حصہ لیااور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ سپورٹس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹرفاروق افضل نے کھیلوں کے کامیاب انعقاد پر تمام آرگنائزرز اور سٹاف کا شکریہ ادا کیا۔