پاکستان اور سعودی عرب میں دفاعی معاہدے کی وجہ قطر پر اسرائیل کا حملہ بنی ہے

اسلامی ممالک نے ہزاروں ارب ڈالر خرچ کئے لیکن اسرائیل کے معاملے میں امریکا کی سکیورٹی چھتری حاصل نہیں رہی۔ رہنماء ن لیگ خرم دستگیر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 17 ستمبر 2025 23:05

پاکستان اور سعودی عرب میں دفاعی معاہدے کی وجہ قطر پر اسرائیل کا حملہ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 17 ستمبر 2025ء )پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء خرم دستگیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا استقبال اشارہ ہے کہ پاکستان سعودی عرب کا کثیرالجہتی دفاعی تعاون کا معاہدہ ہونے جارہا ہے۔انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی سیاست طاقت کو دیکھا جائے تو میرا خیال ہے اور منطق کہتی ہے کہ جس کیلئے چراغاں ہوگا اور وزیراعظم کا غیرمعمولی استقبال ہوا ہے، یہ اشارہ ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کا کثیرالجہتی دفاعی تعاون کا نیا معاہدہ ہونے جارہا ہے۔

مجھے معلومات نہیں لیکن منطق کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔ اس دفاعی معاہدے کی وجہ قطر پر اسرائیل کا حملہ بنی ہے۔ اس حملے سے برادر اسلامی ممالک کیلئے تلخ نتیجہ آیا ہے کہ وہ ہزاروں ارب ڈالربھی امریکا سے اسلحے خریداری کیلئے خرچ کرگئے ، لیکن اسرائیل کے معاملے میں امریکا نے سکیورٹی کی چھتری جو ان کو فراہم کرنی تھی وہ حاصل نہیں رہی۔

(جاری ہے)

لہذا مشرق وسطیٰ سمیت ہر ملک اس معاملے میں فکر مند ہے جس کی اسرائیل کے ساتھ کچھ معاملات پیچیدہ ہے۔

یاد رہے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیرِاعظم پاکستان شہبازشریف کے درمیان شاہی دیوان ریاض میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرخارجہ اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔ میڈیا کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کیلئے سعودی شاہی دیوان، قصر یمامہ پہنچے. شاہی دیوان پہنچنے پر وزیرِ اعظم کا سعودی شاہی پروٹوکول کے ساتھ گھڑ سواروں نے استقبال کیا۔

شاہی دیوان پہنچنے پر سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔ وزیرِ اعظم کو سعودی مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ شاہی دیوان میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، مسئلہ فلسطین اور دیگر باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاک سعودی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہبازشریف دونوں نے قطر پر اسرائیلی حملے کی ایک بار پھر مذمت کی۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے امن کیلئے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین سے متعلق دوٹوک مئوقف اختیار کیا۔ پاکستان مسئلہ فلسطین پر سعودی عرب کے ساتھ ڈٹ کے کھڑا ہے۔