پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑا اسٹریٹجک دفاعی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کیخلاف مشترکہ دفاع و تحفظ مضبوط بنانا ہے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہبازشریف نے دفاعی معاہدے پر دستخط کردیئے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 17 ستمبر 2025 23:16

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑا اسٹریٹجک دفاعی تعاون کا معاہدہ ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 17 ستمبر 2025ء ) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑا اسٹریٹجک دفاعی تعاون کا نیا معاہدہ طے پا گیا ہے، معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کیخلاف مشترکہ دفاع و تحفظ مضبوط بنانا ہے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہبازشریف نے دفاعی معاہدے پر دستخط کردیئے ہیں۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑا اسٹریٹجک دفاعی تعاون کا نیا معاہدہ طے پا گیا ہے، معاہدے کے تحت دونوں ممالک میں کسی ملک کیخلاف جارحیت دونوں ملکوں کیخلاف جارحیت تصور ہوگی۔

معاہدہ خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کیلئے مشترکہ عزم ہے، معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے کیلئے مشترکہ عزم کی عکاسی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کیلئے سعودی شاہی دیوان، قصر یمامہ پہنچے. شاہی دیوان پہنچنے پر وزیرِ اعظم کا سعودی شاہی پروٹوکول کے ساتھ گھڑ سواروں نے استقبال کیا۔

شاہی دیوان پہنچنے پر سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔ وزیرِ اعظم کو سعودی مسلح افواج کے دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ شاہی دیوان میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، مسئلہ فلسطین اور دیگر باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پاک سعودی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہبازشریف دونوں نے قطر پر اسرائیلی حملے کی ایک بار پھر مذمت کی۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے امن کیلئے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیر ہے۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطین سے متعلق دوٹوک مئوقف اختیار کیا۔

پاکستان مسئلہ فلسطین پر سعودی عرب کے ساتھ ڈٹ کے کھڑا ہے۔ مزید برآں وزیراعظم پاکستان کا سعودی عرب پہنچنے پر ایف 15 جنگی طیاروں نے فضاء میں جبکہ ائیرپورٹ پر 21 توپوں اور فوجی دستوں نے سلامی دی اور تاریخی استقبال کیا گیا۔ یاد رہے وزیراعظم شہباز شریف 3 ملکی دورے پر بیرون ممالک گئے ہیں، وزیراعظم سعودی فرماں رواں سمیت دیگر سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کل سعودی عرب سے برطانیہ کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ دو روز قیام کے بعد امریکا روانہ ہوں گے، وزیراعظم امریکا کے دورے کے دوران اقوام امتحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔