Live Updates

سعودی عرب کا اقاموں‘ خروج و عودہ اور وزٹ ویزوں کی میعاد میں مزید مفت توسیع کا اعلان

کورونا وباء کے باعث مملکت آنے پر پابندی والے ممالک میں موجود غیرملکیوں کے اقاموں اور ویزوں میں خودکار نظام کے تحت 31 جنوری 2022ء تک توسیع ہوگی

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 نومبر 2021 10:42

سعودی عرب کا اقاموں‘ خروج و عودہ اور وزٹ ویزوں کی میعاد میں مزید مفت ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 29 نومبر 2021ء ) سعودی عرب نے ایک بار پھر اقاموں، خروج و عودہ اور وزٹ ویزوں کی میعاد میں مفت توسیع کا اعلان کردیا ، کورونا وباء کے باعث مملکت آنے پر پابندی والے ممالک میں موجود غیرملکیوں کے اقاموں اور ویزوں میں خودکار نظام کے تحت 31 جنوری 2022ء تک توسیع ہوگی ۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر اقاموں، خروج و عودہ اور ویزٹ ویزوں میں 31 جنوری 2022 تک توسیع ہوگی ، یہ توسیع خود کار نظام کے تحت کسی فیس اور مقابل مالی کے بغیر کی جا رہی ہے ، سعودی وزیر خزانہ نے قومی پالیسی کے تحت توسیع پر عملدرآمد کے احکامات جاری کر دیے۔

محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے معلوم ہوا ہے کہ توسیع کی کارروائی نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے خودکار نظام کے تحت کی جائے گی ، اس مقصد کے لیے غیرملکیوں کو محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر اور نہ بیرون مملکت سعودی سفارتخانوں یا قونصلیٹس سے رجوع کرنا ہوگا تاہم اس سہولت سے وہ غیر ملکی مستثنیٰ ہوں گے جو مملکت سے روانہ ہونے سے قبل ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سعودی عرب نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں ، جس کے بعد پاکستانیوں کو براہ راست مملکت آمد کی اجازت مل گئی ہے ، پاکستان سے سعودی عرب کیلئے براہ راست مسافر پروازیں آپریٹ ہو سکیں گی ، سعودی حکومت کے اس فیصلے کی وجہ سے ہزاروں ایسے سعودی اقامہ ہولڈرز پاکستانیوں کی سعودی عرب واپسی ممکن ہو گئی ہے، جو کئی ماہ قبل پاکستان آنے کے بعد دوبارہ سعودی عرب واپس جانے سے قاصر تھے ، اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی کی جانب سے بھی ردعمل دیتے ہوئے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا گیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات