سعودی عرب میں چند ماہ میں4 لاکھ آن لائن سیاحتی ویزے جاری

جمعرات 2 دسمبر 2021 15:36

سعودی عرب میں چند ماہ میں4 لاکھ آن لائن سیاحتی ویزے جاری
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) سعودی عرب کے وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہاہے کہ گذشتہ مہینوں کے دوران 4 لاکھ آن لائن سیاحتی ویزے جاری کیے گئے ۔عالمی تنظیم سیاحت کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ سعودی عرب سیاحت کے شعبے کے تحفظ کے لیے دنیا بھر کے سیاحتی اداروں کے ساتھ تعاون کی پالیسی پر گامزن ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیا وائرس اومیکرون اور اس پر عالمی ردِ عمل اس بات کا ٹھوس ثبوت ہے کہ عالمی برادری کو اس سے نمٹنے کے لیے زیادہ موثر انداز میں مل کر کام کرنا ہو گا۔معاون وزیر سیاحت شہزادی ہیفہ بنت محمد نے کہا کہ سعودی عرب سیاحت کے شعبے میں بڑے خواب دیکھ رہا ہے، ملکی معیشت میں اس کا کردار اہم ہو گا،ہمارا ہدف ہے کہ 2030 تک 10 کروڑ تک سیاح آئیں ۔ عالمی تنظیم سیاحت کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں ہورہے ہیں جس میں 100 سے زیادہ ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔یہ اجلاس 3 دسمبر تک جاری رہے گا۔