اومی کرون کے باعث سفری پابندیوں کے حوالے سے نسلی امتیاز ناقابل قبول ، غیر مصفانہ ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

جمعرات 2 دسمبر 2021 16:04

اومی کرون کے باعث سفری پابندیوں کے حوالے سے نسلی امتیاز ناقابل قبول ..
اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2021ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش  نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے باعث  مخصوص ممالک اور خطوں پر عائد سفری پابندیوں کوغیر مصفانہ  اور غیر موثر قرار  دیتے ہوئے  کہا ہے کہ سفری پابندیوں کے حوالے سے نسلی امتیاز ناقابل قبول ہے  ۔  انہوں نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ   متناسب اور ٹھوس موثر اقدامات کی بدولت  سفراور اقتصادی  رابطے کی اجازت کے دوران کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے پھیلائو  اور منتقلی کو روکنے کا واحد حل مسافروں کے بار بار  ٹیسٹ ہیں   اور ہمارے پاس محفوظ سفر کے بہت سے طریقے ہیں جن پر عملدرآمد کر کے اومیکرون کے پھیلائو اور منتقلی کو روکا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سفری پابندیوں کے حوالے سے نسلی امتیاز ناقابل قبول ہے۔  انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی بنیاد پر مخصوص ممالک اور خطوں کو  سفری پابندیوں کا نشانہ بنانا  انہیں سزا دینے کے مترادف ہےجو نہیں ہونا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل طویل عرصے سے  دنیا بھر میں ویکسین کی غیرمساوی فراہمی کے خطرات بارے خبردار  کر چکے ہیں جس کے باعث ویکسین لگانے کی شرح میں کمی سے کورونا وائرس کے ویریئنٹس پھیل رہے ہیں ۔

افریقن یونین کے چیئرمین موسیٰ فکی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ سفری پابندیاں غیرمناسب ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے  پھیلائو کا انکشاف  پہلی بار جنوبی افریقہ میں  ہوا جس کے بعد امریکا ، برطانیہ اور دیگر ممالک نے جنوبی افریقہ کے خلاف سفری پابندیوں کا اعلان کیا ہے ۔