Live Updates

لنکا پریمیئر لیگ، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی

DW ڈی ڈبلیو پیر 6 دسمبر 2021 19:00

لنکا پریمیئر لیگ، انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 06 دسمبر 2021ء) سیالکوٹ سانحے کے بعد سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے ملک میں جاری لنکا پریمیئر لیگ میں شریک پاکستانی کھلاڑیوں سمیت دیگر بین الاقوامی کرکٹرز کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اضافی اقدامات اٹھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

پیر کے دن سری لنکن کرکٹ بورڈ کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا ہے کہ جمعے کے دن پاکستانی شہر سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا دیاوردھنہ کی لرزہ خیز ہلاکت کے بعد بین الاقوامی کرکٹرز کی سکیورٹی انتظامات کو زیادہ سخت بنا دیا گیا ہے۔

سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی فرنچائزڈ لنکا پریمیئر لیگ میں شامل پانچ ٹیموں کا ٹورنامنٹ اتوار کو شروع ہوا جبکہ اس کا فائنل میچ تئیس دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس لیگ میں پاکستان کے درجنوں کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جن میں پاکستان کے اسٹارز شعیب ملک اور محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔

توہین مذہب کا الزام عائد کرتے ہوئے مشتعل پاکستانی ہجوم نے جمعے کے دن سیالکوٹ میں ایک سری لنکا کے شہری کو سرعام ہلاک کرتے ہوئے اس کی لاش کو آگ لگا دی تھی۔

اس اندوہ ناک واقعے پر پاکستان کے متعدد حلقوں کی طرف سے سخت تنقید کی جا رہی ہے جبکہ سری لنکا میں بھی اس معاملے پر عوامی غم و غصہ نمایاں ہے۔

اسی تناظر میں سری لنکا کے کرکٹ بورڈ نے اس وقت سری لنکا میں موجود بین الاقوامی کھلاڑیوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اضافی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کے ایک سینیئر اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ صرف پاکستانی ہی نہیں بلکہ تمام غیر ملکی کھلاڑیوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

دوسری جانب پریانتھا دیاوردھنہ کی میت کو پیر کے دن کولمبو روانہ کر دیا گیا۔ سری لنکا کے حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ پریانتھا دیاوردھنہ کے بہیمانہ قتل کی مکمل تفتیش کی جائے اور ذمہ دار افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس جرم میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

ع ب، اا (خبررساں ادارے)

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات