پاکستانی سال بھرصرف اور صرف اسپورٹس اورخاص طور پر کرکٹ سے متعلق معلومات تلاش کرتے رہے، رپورٹ

بدھ 8 دسمبر 2021 19:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2021ء) انٹرنیٹ کی سب سے بڑی سرچ انجن ’گوگل‘ نے سال 2021 میں پاکستان میں سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی معلومات سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق پاکستانی سال بھر صرف اور صرف اسپورٹس اور خاص طور پر کرکٹ سے متعلق معلومات تلاش کرتے رہے۔’گوگل ٹرینڈز‘ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ سال 2021 میں پاکستانیوں کو نہ تو کورونا کی وبا کے اثرات کی فکر تھی اور نہ ہی انہیں ملکی سیاست، معیشت اور حکومت میں کوئی دلچسپی تھی،پاکستانی سال بھر صرف اور صرف اسپورٹس اور خاص طور پر کرکٹ سے متعلق معلومات تلاش کرتے رہے،گوگل کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں پاکستان میں تلاش کی جانے والی 10 بڑی معلومات میں کوئی ایک بھی معلومات سیاست اور معیشت کی معلومات شامل نہیں،پاکستانی سال بھر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کے میچز سے متعلق معلومات تلاش کرتے رہے۔

(جاری ہے)

حیران کن طور پر پاکستانیوں نے روایتی حریف بھارت کے ساتھ قومی ٹیم کے میچ کو تلاش ہی نہیں کیا، تاہم اس کے بر عکس انڈیا بمقابلہ انگلینڈ کے میچ کو تلاش کیا،پاکستانیوں نے سب سے زیادہ پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ کے میچ کو تلاش کیا۔پاکستانیوں کی جانب سے گوگل پر سب سے زیادہ تلاش کی جانے والی 10 معلومات میں پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا،پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ،پاکستان بمقابلہ انگلینڈ ،بھارت بمقابلہ انگلینڈ ،پاکستان بمقابلہ زمبابوے ،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ،پاکستان بمقابلہ انگلینڈ ،پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ،پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز ،پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ شامل ہیں جبکہ سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ایتھلیٹس میں حارث رئوف،دانش عزیز ،عابد علی ،شاداب خان ،محمد رضوان ،حسن علی ،شاہین آفریدی ،فخر زمان ،آصف علی،شعیب ملک شامل ہیں ۔