منڈی بہا ئوالدین میں 54ایکڑ رقبے پر سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے زمین حاصل کرلی ہے،میاں اسلم اقبال

جمعرات 9 دسمبر 2021 19:25

لاہور۔9دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 09 دسمبر2021ء) :صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے ایوان صنعت و تجارت منڈی بہا ئوالدین کے صدر سید حیدر رضا نقوی کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں منڈی بہا الدین کی انڈسٹری اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔وفدنے منڈی بہا ئوالدین میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام،چیمبر کے دفتر کیلئے جگہ اور بیمار یونٹس کی بحالی کے لئے تعاون اورکاٹیج انڈسٹری کے فروغ اور چاول کی برآمد کیلئے برآمدی پالیسی کو سازگار بنا نے کا مطالبہ کیا۔

صوبائی وزیرنے وفد کو منڈی بہا الدین کی انڈسٹری اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منڈی بہا الدین میں 54ایکڑ رقبے پر سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے زمین حاصل کرلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انفراسٹرکچر کی فراہمی اور ترقیاتی کام جلدشروع ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کیلئے چیمبر کلسٹر کی نشاندہی کرے، حکومت آسان قرضے دے گی۔

شہر کے اطراف میں پھیلے صنعتی یونٹس کو انڈسٹریل اسٹیٹ میں منتقل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں چیمبر کے دفتر کے لئے جگہ کی فراہمی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔وفد میں ایگزیکٹو ممبرز رانا نوشاد احمد، عبدالمتین چغتائی، میاں عبدالرزاق اور دیگر شامل تھے۔سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر واصف خورشید، ایم ڈی پیسک،ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :