Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس طلب کر لیا

اجلاس میں اومیکرون کیسز کے حوالے سے اعداد وشمار پر غور ہو گا، این سی او سی بریفنگ کے بعد اہم فیصلے متوقع

muhammad ali محمد علی جمعہ 24 دسمبر 2021 00:39

وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس طلب کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 دسمبر2021ء) وزیراعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اجلاس طلب کر لیا ، اجلاس میں اومیکرون کیسز کے حوالے سے اعداد وشمار پر غور ہو گا، اہم فیصلے متوقع۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کل بروز جمعہ کو قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کا اہم اجلاس طلب کر لیا، جس میں وفاقی وزراء اور متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔

اجلاس کے دوران این سی او سی کی جانب سے ملک میں کورونا وبا کے پھیلاو کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جائے گی، اجلاس میں اومیکرون کیسز کے حوالے سے تفصیلی غور و فکر کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے کورونا کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ دوسری جانب ملک میں کورونا وائرس کی قسم اومیکرون کے مزید مشتبہ کیسز سامنے آگئے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کے اومی کرون ویرینٹ کے مزید 6 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کے ویرینٹ اومیکرون سے مبینہ متاثرہ یہ 6 افراد بیرونِ ملک سے کراچی پہنچے ہیں۔محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ان تمام افراد میں کورونا کی تصدیق ہو گئی ہے۔محکمہ صحت کے ذرائع نے کا کہنا ہے کہ اومیکرون کی تصدیق کے لیے ان افراد کے نمونے نجی ہسپتال پہنچا دیے گئے ہیں۔

محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ان 6 کورونا وائرس کے شکار افراد میں سے 4 جنوبی افریقہ اور 2 برطانیہ سے کراچی پہنچے ہیں۔محکمہ صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو قرنطینہ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔ جبکہ اس سے قبل بلوچستان میں اومیکرون کے 30 مشتبہ کیسز رپورٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق جن افراد میں اومیکرون کی تشخیص کا شبہ ہے، ان تمام افراد کے نمونے اسلام آباد بھجوائے گئے ہیں، جن کا جائزہ لینے کے بعد اومیکرون کی تشخیص کی تصدیق یا تردید کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات