لاہورمیں دو بہنوں کی پراسرار ہلاکت کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا

وقوعہ کے روز کزن گھر آیا ، دونوں کو تیز دھار آلے سے قتل کرکے جلایا گیا،پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 28 دسمبر 2021 13:12

لاہورمیں دو بہنوں کی پراسرار ہلاکت کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 دسمبر 2021ء) : لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں دو معمر بہنوں کی ہلاکت کا معاملہ نیا رخ اختیار کر گیا۔قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔دو روز قبل دو بہنوں کی جلی ہوئی لاشیں ملی تھیں، خواتین کے بھائی مدعی مقدمہ یوسف کے مطابق وقوعہ کے روز کزن گھر آیا ، دونوں کو قتل کرکے جلایا گیا۔دو روز قبل سیکٹر سی میں رہائش پذیر دو بہنیں گھر میں پراسرار آتشزدگی کے نتیجے میں بری طرح جھلس کر جاں بحق ہو گئی تھیں۔

پولیس نے خواتین کے بھائی محمد یوسف کی درخواست پر قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔مدعی مقدمہ یوسف کا کہنا ہے کہ اس کی بہن درشہوار اور ناہید انجم گھر پر اکیلی تھیں۔وقوعہ کے روز ان کا کزن گھر آیا تو کھر میں آگ لگی۔اس کی بہنوں کی لاشیں جلی ہوئی فرش پر پڑی تھیں جنہیں نامعلوم افراد نے تیز دھار آلے سے قتل کرکے ثبوت مٹانے کے لیے آگ لگا کر جلا دیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔پوسٹ مارٹم کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔دوسری جانب گجرانوالہ میں لیل ورکاں میں دو سگی بہنوں نے مبینہ طورپہ زہریلی گولیاں نگل کر خود کشی کرلی ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے لیل ورکاں کی رہائشی دو سگی بہنوں نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ دونوں متوفیوں کی شناخت سمیرا اور فضا کے نام سے ہوئی ہے اور دونوں بہنیں طلاق یافتہ تھیں۔

ڈی ایس پی نوشہرہ ورکاں کے مطابق سمیرا اور فضا کافی عرصے سے اپنے میکے میں رہ رہی تھیں، اور اہل خانہ کا کہنا ہے کہ گھریلو ناچاقی کی وجہ سے دونوں بہنوں نے زہریلی گولیاں نگل کر خودکشی کی ہے، متوفیہ سمیرا 3 بچوں کی ماں تھی۔حکام کے مطابق اہل خانہ نے دونوں بہنوں کی موت کی خبر پولیس کو نہیں دی، جس وجہ سے تحقیقات میں شکوک و شبہات بڑھ رہے ہیں، تاہم جاں بحق بہنوں کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد خودکشی یا قتل دونوں پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے تفتیش کی جائے گی۔