چیئرمین پی اینڈ ڈی عبد اللہ خان سنبل زیر صدارت صوبائی ورکنگ پارٹی کا اجلاس

ک*مختلف سیکٹرز کی 10 ترقیاتی سکیموں کیلئے 8 ارب 79کروڑ28 لاکھ90 ہزار روپے منظوری دیدی

پیر 3 جنوری 2022 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جنوری2022ء) پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2021-22 کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 50ویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 10 ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 8 ارب 79کروڑ28 لاکھ90 ہزار روپے کی منظوری دی۔اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبد اللہ خان سنبل نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں تحصیل رحیم یار خان اور تحصیل خان پور میں ماڈل صحت گھر کے قیام کیلئے 1 ارب 35 کروڑ 90 لاکھ 86 ہزار روپے، ضلع لیہ میں ماڈل صحت گھر کے قیام کیلئے 72 کروڑ 46 لاکھ 13 ہزار روپے، ضلع خانیوال میں خانیوال - ساہیوال سیکشن نزد ریلوے کراسنگ میاں چنوں کے مقام پر انڈر پاس کی تعمیر کیلئے 70 کروڑ 15 لاکھ 73 ہزار روپے، وزیر اعلی روز گار ٹریننگ پروگرام (ترمیمی) کیلئے 1 ارب 46 کروڑ 35 لاکھ 23 ہزار روپے، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ تحصیل گوجرہ کی یونین کونسل 1 سے 24 میں مختلف روڈز کی بہتری و بحالی (لمبائی 70کلومیٹر)کیلئے 82 کروڑ روپے، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ تحصیل پیر محل کی یونین کونسلوں 69 تا 85 میں روڈز کی تعمیر و مرمت اور بحالی کیلئے 83 کروڑ 20لاکھ 56 ہزار روپے، این اے 114 ضلع جھنگ میں مختلف فارم سے مارکیٹ روڈز تک کشادگی و بحالی اور تعمیر کیلئے 55کروڑ 32 لاکھ روپے، ضلع بہاولنگر کی یونین کونسلوں(یو سی دولت پور، یوسی لالیکا، یوسی بچیاں والی، یوسی فدائی شاہ، یو سی سید علی، یو سی بونگا اکبر ماری نہال وغیرہ)میں نئے روڈز کی دوبارہ تعمیر کیلئے 56 کروڑ 52 لاکھ 12 ہزار روپے، ضلع برکھاں کے علاقے رکھنی میں ہیلتھ سہولیات کے قیام کیلئے 58 کروڑ 90 لاکھ 21 ہزار روپے اور ملتان میں بوسان روڈ سیداں والا چوک سے ہیڈ محمد والا تک دو رویہ روڈ کی تعمیر (لمبائی 11.68کلومیٹر)کیلئے 1 ارب 18 کروڑ 46 لاکھ 6 ہزار روپے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پی اینڈ ڈی مجاہد شیر دل،متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔