جماعت اسلامی صوبہ سندھ میں ایم کیو ایم کے طرز کی سیاست نہ کرے،سعید غنی

بلدیاتی نظام پر اعتراضات کی آڑ عوامی جذبات سے کھیلنا خطرناک عمل ہے،وزیراطلاعات سندھ

منگل 4 جنوری 2022 18:21

جماعت اسلامی صوبہ سندھ میں ایم کیو ایم کے طرز کی سیاست نہ کرے،سعید غنی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2022ء) وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے جماعت اسلامی کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی صوبہ سندھ میں ایم کیو ایم کے طرز کی سیاست نہ کرے۔جماعت اسلامی سندھ میں تقسیم اور نفرت کی سیاست کو زندہ کرنے کی کوششوں کا حصہ نہ بنے۔ سعید غنی نے کہا کہ بلدیاتی نظام پر اعتراضات کی آڑ عوامی جذبات سے کھیلنا خطرناک عمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرامن سیاسی احتجاج سب کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں شہریوں کی نقل و حمل روکنے کا حق کسی کو حاصل نہیں۔جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کی مشترکہ خواہش پر فوجی آمر کا نظام بحال نہیں ہوسکتا۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت نے 2013 کے بلدیاتی نظام کو بہتر کیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کا اختیار بلدیاتی کونسلرز کو دیا گیا ہے۔پہلی مرتبہ معذور افراد اور خواجہ سرائوں کیلئے مخصوص نشستیں رکھی گئی ہیں ۔اولڈ ویسٹ کا چیئرمین میئر کو بنایا گیا ہے۔واٹر بورڈ کا کو چیئر مین میئر کو بنایا گیا ہے۔پولیس، صحت ، تعلیم سمیت دس صوبائی محکموں کو بلدیاتی نمائندوں کے سامنے جوابدہ بنایا گیا ہے۔