فلسطینی سائنسدان کے قتل میں ملوث مجرم غزہ سے گرفتار

ملزم نے موساد کے ایجنٹ کے طور پر کام کرنے ،فادی البطش کو شہید قتل کرنے کا اعتراف کرلیا،وزارت داخلہ

پیر 10 جنوری 2022 15:20

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2022ء) فلسطینی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ 2018 میں ملائیشیا میں قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے فلسطینی سائنسدان فادی البطش کے قتل میں ملوث ایک مجرم کو غزہ کی پٹی سے گرفتار کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق طفلسطینی وزارت داخلہ کے ترجمان ایاد البزم نے بتایا کہ فلسطینی سائنسدان فادی البطش کے قتل میں ملوث ایک مجرم کو گرفتار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ مجرم نے اسرائیل کے بدنام زمانہ خفیہ ادارے موساد کے ایجنٹ کے طورپر کام کرتے ہوئے البطش کو شہید کیا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ غزہ میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ اس سے تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف کیا کہ اس نے موساد کے ایجنٹ کے طور پر کام کرتے ہوئے فلسطینی سائنسدان فادی البطش کو شہید کیا تھا۔ترجمان نے کہا کہ البطش کوشہید کرنے والے ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔خیال رہے کہ فلسطینی سائنسدان فادی البطش کو 21 اپریل 2018 کو کولالمپور کے قریب جومباک کے قریب گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔