اومان کے سفیر کی صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی سے ملاقات،تعلیمی شعبے میں تعاون ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

بدھ 12 جنوری 2022 16:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2022ء) سلطنت اومان کے سفیر شیخ محمدعمر  احمد المرھون نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ھذال  حمود العتیبی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیمی  شعبے میں تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر  اسلامی یونیورسٹی نے کہا کہ یونیورسٹی تعلیمی  شعبے میں تعاون کے لیے  ہمہ  وقت تیار ہے۔

انہوں نے  اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن کے پیغام اور علم کے فروغ کو جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ دنیا کے تمام اداروں بالخصوص عالم اسلام کی جامعات کے ساتھ اپنے تعلیمی تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے سفیر کو اسلامی یونیورسٹی کی  مختلف جامعات  کے ساتھ تعاون کے معاہدوں  کے بارے میں آگاہ کیا  اور   یونیورسٹی کی فیکلٹیز اور شعبہ جات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی  ۔ سفیر نے تعلیم کے فروغ میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے  کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ جامعہ  مسلم دنیا کے باوقار اداروں میں سے ایک ہے۔ اس موقع پر دونوں عہدیداروں  نے تعلیمی شعبے میں باہمی   تعاون کو وسعت دینے کے لیے مزید اقدامات پر اتفاق کیا۔