جب تک حج پالیسی 2022ء کا اعلان نہ ہو کسی ٹور آپریٹر یا کسی ایجنٹ کو کسی بھی شخص سے رقم جمع کرنے یا پاسپورٹ جمع کرنے کا اختیار نہیں ہے، وزارت مذہبی امور

جمعرات 13 جنوری 2022 17:48

اسلام آباد۔13جنوری  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔13 جنوری2022ء) :وزارت مذہبی امور نے عوام الناس کو متنبہ کیا ہے کہ جب تک حج پالیسی  2022ء کا اعلان نہ ہو کسی ٹور آپریٹر یا کسی ایجنٹ کو کسی بھی شخص سے رقم جمع کرنے یا پاسپورٹ جمع کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ اگر کوئی فرد یا کمپنی یہ تقاضا کرے تو فورا وزارت مذہبی امور کو اطلاع دی جائے تاکہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

جمعرات کو وزارت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت کے مشاہدے میں یہ بات آئی ہے کہ بعض ٹور آپریٹرز اور اشخاص براہ راست یا اپنے غیر متعلقہ ایجنٹوں کے ذریعے لوگوں سے حج درخواستوں کے نام پر رقم وصول کر رہے ہیں یہ عمل سراسر غیر قانونی اور قابل گرفت ہے۔ ایسے تمام افراد اور کمپنیوں کو سختی سے تاکید کی جاتی ہے کہ وہ اس غیر قانونی عمل سے باز رہیں۔

(جاری ہے)

ابھی تک حج پالیسی 2022ء کا اعلان نہیں ہوا اور نہ ہی اس سلسلے میں وزارت نے کسی بینک یا ٹور آپریٹر کو حج درخواستیں وصول کرنے کی اجازت دی ہے۔ عوام الناس کو مطلع کیا جاتا ہے کہ جب تک وزارت کی ویب سائٹ، اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے حج پالیسی 2022ء کا اعلان نہ ہو اور وزارت بینکوں اور پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو حج درخوستیں جمع کرنے کا اختیار نہ دے اس وقت تک کوئی شخص اپنا پاسپورٹ اور رقم کسی بھی فرد یا ٹور آپریٹر کے پاس جمع نہ کرائے۔

اگر کوئی فرد یا کمپنی اس کا تقاضا کرے تو فوراً وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے دیئے گئے فون نمبرز پر رابطہ کریں تاکہ ان کے خلاف قانون کے مطابق ضروری تادیبی کارروائی کی جاسکے۔ ان ہدایات پر عمل نہ کرنے والا اپنے نقصان کا خود ذمہ دار ہوگا اور وزارت مذہبی امور ہرگز ذمہ دار نہ ہوگی۔