Live Updates

حکومت کا غیرملکیوں کیلئے مستقل رہائشی اسکیم شروع کرنےکا فیصلہ

نئی قومی سلامتی پالیسی کے تحت غیرملکی سرمایہ کاری کرکے پاکستان میں مستقل رہائش حاصل کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری کا ٹویٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 14 جنوری 2022 20:27

حکومت کا غیرملکیوں کیلئے مستقل رہائشی اسکیم شروع کرنےکا فیصلہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جنوری 2022ء) وفاقی حکومت نے غیر ملکیوں کیلئے مستقل رہائشی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نئی قومی سلامتی پالیسی میں جیو اکنامکس کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، نئی پالیسی کے تحت حکومت نے غیرملکیوں کیلئے مستقل رہائشی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاری کرکے پاکستان میں مستقل رہائش حاصل کرسکتے ہیں۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے آج پہلی قومی سلامتی پالیسی کے عوامی ورژن کا اجراء کر دیا ہے، آج جمعہ کو وزیراعظم آفس میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمر ان خان نے اپنی حکومت کے قومی سلامتی پالیسی کی تشکیل کے کامیاب اقدام کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ قومی سلامتی پالیسی ان کی حکومت کی اولین ترجیح تھی ، وزیراعظم نے یہ ہدف حاصل کرنے پر قومی سلامتی کے مشیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔

انہوں نے پالیسی پر کامیاب عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا اور اعلان کیا کہ قومی سلامتی کمیٹی باقاعدگی سے اس پر پیش رفت کا جائزہ لے گی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ قومی سلامتی پالیسی 2022-2026 کا محور حکومت کا وژن ہے جو یقین رکھتی ہے کہ ملکی سلامتی کا انحصار شہریوں کی سلامتی میں مضمر ہے ، کسی بھی قومی سلامتی پالیسی میں قومی ہم آہنگی اور لوگوں کی خوشحالی کو شامل کیا جانا چاہیے جبکہ بلاامتیاز بنیادی حقوق اور سماجی انصاف کی ضمانت ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے شہریوں کی وسیع صلاحیتوں سے استفادہ کے لئے خدمات پر مبنی اچھے نظم و نسق کو فروغ دینا ضروری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری مسلح افواج ، ہمارا فخر ہیں،خطے میں ہمیں درپیش خطرات اور ہائبرڈ وار کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کے تناظر میں انہیں ہماری طرف سے بڑی اہمیت اور حمایت حاصل رہے گی۔  ہماری خارجہ پالیسی کا بڑا مقصد خطے اور خطے سے باہر امن و استحکام رہے گا ، ہماری خارجہ پالیسی میں جاری معاشی خارجہ پالیسی پر مزید توجہ مرکوز کی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات