'حوثی باغی سزا سے بچ نہیں پائیں گے'، امریکا اور امارات

DW ڈی ڈبلیو منگل 18 جنوری 2022 11:40

'حوثی باغی سزا سے بچ نہیں پائیں گے'، امریکا اور امارات

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 18 جنوری 2022ء) وائٹ ہاوس کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق امریکا کے قومی سلامتی مشیر جیک سولیوان نے کہا، "حوثیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے اور ہم انہیں قصور وار ٹھہرانے کے لیے متحدہ عرب امارات اور بین الاقوامی شرکاء کار کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔"

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سلامتی کے حوالے سے ہمارا عزم اورعہد غیر متزلزل ہے اور ہم ان کے ملک کو لاحق ہر طرح کے خطرات کے خلاف اپنے اماراتی پارٹنرز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

متحدہ عرب امارات بھی سعودی عرب کی قیادت والے اس فوجی اتحاد میں شامل ہیں جو ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف یمن حکومت کی مدد کر رہا ہے۔

پیر کے روز ابوظہبی میں آئل ٹینکر دھماکے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

ہلاک ہونے والوں میں ایک پاکستانی اور دو بھارتی شہری شامل ہیں۔ حوثی باغیوں نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

حوثی باغیوں کے ایک ترجمان یحیٰ ساری کا کہنا تھا کہ "متحدہ عرب امارات کے اندر تک" حملے کیے جائیں گے۔ حوثی باغی ماضی میں بھی متحدہ عرب امارات پر متعدد حملوں کی ذمہ داری لے چکے ہیں۔

پیر کے روز حوثی باغیوں کے حملے کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد النہیان سے ٹیلی فون پر بات کی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بتایا کہ بلینکن نے "حملے کی مذمت کی، جس میں بے گناہ شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔" انہوں نے بھی متحدہ عرب امارات کی سلامتی کے حوالے سے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہم اپنے اماراتی پارٹنر کے ساتھ کھڑے ہیں۔

امارات کا عزم

متحدہ عرب امارات نے حوثی باغیوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سزا سے بچ نہیں پائیں گے اور امارات ان حملوں کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا، ''متحدہ عرب امارات اپنی سرزمین پر شہری تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتا ہے...(یہ) سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔''

بیان میں مزید کہا گیا ہے، "متحدہ عرب امارات ان دہشت گردانہ حملوں کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔''

عالمی برادری کی جانب سے مذمت

حوثی باغیوں کی جانب سے ابوظہبی پر کیے گئے حملے کی متعدد ملکوں نے مذمت کی ہے۔

برطانیہ نے ابوظہبی پر ڈرون حملے کی سخت مذمت کی۔ برطانوی وزیر خارجہ لز ٹروس نے ایک ٹوئٹ میں کہا،"میں متحدہ عرب امارات پر دہشت گردانہ حملے، جس کی ذمہ داری حوثیوں نے لی ہے، کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہوں۔"

فرانسیسی وزیر خارجہ نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا،" ان حملوں سے متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور علاقائی استحکام کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔

فرانس ان حملوں سے متاثر متحدہ عرب امارات کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرتا ہے۔"

انہوں نے حوثی باغیوں سے یمن اور خطے میں اپنی سرگرمیاں فوراً بند کردینے اور موجودہ بحران کا سیاسی حل کے لیے مثبت بات چیت شروع کرنے کی بھی اپیل کی۔

پاکستان، سعودی عرب، بحرین، قطر اور اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) سمیت دیگر نے ابوظہبی میں حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کی مذمت کی۔

حوثیوں کا حملے جاری رکھنے کا اعلان

حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساریہ نے کہا کہ گروپ نے دبئی اور ابوظہبی کے ہوائی اڈوں، مصفاہ میں ایک آئل ریفائنری اور متحدہ عرب امارات میں کئی 'حساس اور اہم' مقامات پر پانچ بیلسٹک میزائل اور 'بڑی تعداد میں 'ڈرون داغے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ گروپ آئندہ متحدہ عرب امارات میں 'زیادہ اہم' تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔

متحدہ عرب امارات، سعودی عرب کے زیرقیادت فوجی اتحاد کا حصہ ہے، جو حوثی باغیوں کے خلاف یمن کی حکومت کی حمایت کرتا ہے۔ حوثی باغی وقتاً فوقتاً ڈرونز اور میزائلوں کی مدد سے سرحد پار سے سعودی عرب کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے 2019 میں یمن میں اپنی فوجی موجودگی کو بڑے پیمانے پر کم کر دیا تھا لیکن حال ہی میں وہ یمن کے توانائی پیدا کرنے والے شبوا اور ماریب علاقوں میں حوثیوں کے خلاف لڑائی میں شامل ہوا ہے۔

متحدہ عرب امارات کو حالیہ ہفتوں کے دوران یمن میں بھی بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس کے حمایت یافتہ ملیشیا گروپ متعدد علاقوں سے پسپا ہونے پر مجبور ہوئے ہیں۔

ج ا /ص ز (اے ایف پی، روئٹرز، اے پی)

.