وفاقی حکومت نے موبائل ری چارج پر وِدہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ کردیا

صارفین کو100 روپے کے ریچارج پر9 روپے 3 پیسے اضافی ودہولڈنگ ٹیکس دینا پڑے گا، صارفین کو 86 روپے 9 پیسے کا بیلنس ملےگا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 18 جنوری 2022 16:49

وفاقی حکومت نے موبائل ری چارج پر وِدہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ کردیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جنوری 2022ء) وفاقی حکومت نے موبائل ری چارج پر وِدہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ کردیا، صارفین کو100 روپے کے ریچارج پر9 روپے 3 پیسے اضافی ودہولڈنگ ٹیکس دینا پڑے گا، جس پر صارفین کو86 روپے 9 پیسے کا بیلنس ملےگا۔ جیونیوز کے مطابق ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں نے بیلنس ری چارج پر اضافی ٹیکس لینے کا فیصلہ کیا ہے جس پر وفاقی حکومت نے ہر موبائل ری چارج پر 15 فیصد اضافی ود ہولڈ ٹیکس عائد کردیا ہے، صارفین کو 100 روپے کے موبائل ریچارج پر 9 روپے3 پیسے اضافی ودہولڈنگ ٹیکس دینا پڑے گا، اضافی ٹیکس لینے کے بعد صارفین کو اب 100 روپے کے ری چارج پر86 روپے9 پیسے کا بیلنس ملےگا۔

بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کو اس مد میں43 ارب روپے سے زائد موصول ہوں گے۔

(جاری ہے)

موبائل فون پر اضافی ٹیکس عائد کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر مختلف لوگوں نے آپریٹرز کی جانب سے بھیجے گئے پیغامات بھی شیئر کیے جن میں صارفین کو ٹیکس میں اضافے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔دوسری جانب حکومت نے منی بجٹ میں درآمدی گاڑیوں پر بھی مزید ٹیکس بڑھا دیا ہے، درآمدی گاڑیوں پر تجویز کردہ 5 فیصد کے بجائے 12.5 فیصد ٹیکس عائد ہوگا، تمام درآمدی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بدستور قائم رہے گی، مقامی طور پر تیار کردہ 1300 سی سی گاڑیوں پر ڈھائی فیصد ڈیوٹی عائد ہوگی، پہلے 1300 سی سی کی مقامی گاڑی پر 5 فیصد ڈیوٹی لگانے کی تجویز تھی۔

1301سے 2000 سی سی کی مقامی گاڑی پر 10 کے بجائے5 فیصد ڈیوٹی ہوگی، 2001سی سی سے اوپر کی مقامی گاڑی پر 10 فیصد ڈیوٹی عائد ہوگی، 1800سی سی کی مقامی اور ہائبرڈ گاڑیوں پر 8.5 فیصد سیلز ٹیکس لاگو ہوگا۔ 1801سے2500 سی سی کی ہائبرڈ گاڑیوں پر 12.75 فیصد ٹیکس عائد ہوگا، درآمدی الیکٹرک گاڑیوں پر 12.5 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔ اسی طرح منی بجٹ میں بچوں کے فارمولہ دودھ پر جی ایس ٹی میں رعایت کر دی گئی ہے۔

جس کے تحت 500 روپے مالیت کے 200 گرام دودھ کے ڈبے پر جی ایس ٹی نہیں ہوگی۔ 500 روپے سے زیادہ مالیت کے فارمولہ دودھ پر 17 فیصد جی ایس ٹی لگے گا۔ چھوٹی دکانوں پر بریڈ،  نان،چپاتی،شیر مال،بن، رس پر ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔ کھانے پینے کی اشیا پر ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی۔ لال مرچ اور آئیوڈین ملے نمک پر سیلز ٹیکس ختم کر دیا گیا۔