مریم اورنگزیب معیشت پر بھاشن دیتی ہیں، دی اکانومسٹ کی رپورٹ ن لیگ کے منہ پر طمانچہ ہے، شہباز گل

منافقت کے معراج پر براجمان درباریوں کو پاکستان کی مثبت خبریں یقیناً ناگوار گزرتی ہوں گی، معاون خصوصی کا مریم اور نگزیب کو جواب

جمعہ 21 جنوری 2022 17:26

مریم اورنگزیب معیشت پر بھاشن دیتی ہیں، دی اکانومسٹ کی  رپورٹ ن لیگ کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2022ء) وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ نااہل لیگ میں قحط الرجال کا یہ عالم ہے کہ مریم اورنگزیب معیشت پر بھاشن دیتی ہیں،کووڈ۔19 کے بعد سے پاکستان کا نارمیلسی انڈیکس میں دوسرا نمبر ہے۔ جمعہ کو مریم اورنگزیب کے بیان پر انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ نااہل لیگ میں قحط الرجال کا یہ عالم ہے کہ مریم اورنگزیب معیشت پر بھاشن دیتی ہیں۔

ایک طرف عالمی اداروں کی رپورٹس ہیں اور دوسری طرف شریف خاندان کے ذاتی غلاموں کے جھوٹ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معیشت کی الف ب سے نابلد شریفوں نے ملکی معیشت کو تباہی کی نہج پر لا کرچھوڑا۔ سمدھی اکاؤنٹنٹ کے ذریعے ملک کا بیڑا غرق کرنے والے آج مفرور ہیں۔ دی اکانومسٹ کی کل کی رپورٹ ن لیگ کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ کووڈ۔19 کے بعد سے پاکستان کا نارمیلسی انڈیکس میں دوسرا نمبر ہے۔ دی اکانومسٹ نے پاکستان میں ملازمتیں بڑھنے، انسانی جانیں بچانے کی کوشش کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ منافقت کے معراج پر براجمان درباریوں کو پاکستان کی مثبت خبریں یقیناً ناگوار گزرتی ہوں گی۔ درباریت کا چشمہ اتار کر پاکستان کو آگے بڑھتا ہوا دیکھیں۔