پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کیخلاف اپنا بہترین ہدف حاصل کرلیا

گرین شرٹس 6 وکٹوں سے کامیاب، بابراعظم اور امام الحق کی شاندار سنچریاں، فخر زمان کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 31 مارچ 2022 23:08

پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کیخلاف اپنا بہترین ہدف حاصل کرلیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31 مارچ 2022ء ) دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، آسٹریلوی کپتان آرون فنچ صفر پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں وکٹ گنوا بیٹھے۔

کپتان کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بین میک ڈرمٹ اور ٹریوس ہیڈ نے دوسری وکٹ کے لیے 162 رنز جوڑے، ہیڈ 89 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ بین میکڈرموٹ نے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی، انہوں نے 104 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی جانب سے مارکس لبوشین 59، مارکس سٹونس 49، ایلکس کیری 5 رنز بنا سکے۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں شان ایبٹ نے 16 گیندوں پر 28 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے اب تک شاہین شاہ آفریدی نے 4، محمد وسیم جونئیر نے دو جبکہ زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹرز نے آسٹریلوی بولنگ لائن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ پہلے فخر زمان اور امام الحق، اس کے بعد امام اور کپتان بابر اعظم نے سنچری پارٹنرشپس بنائیں۔ اس تاریخی فتح کو امام الحق اور بابر اعظم نے اپنی سنچریوں کی بدولت یادگار بنایا جبکہ دونوں بالترتیب 106 اور 114 رنز بنائے۔

اوپننگ بلے باز فخر زمان نے اس تاریخی کامیابی میں 67 رنز کے ساتھ جبکہ محمد رضوان نے 23، خوشدل شاہ نے 27 جبکہ افتخار احمد نے 11 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔ قومی ٹیم نے 349 رنز کا ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا تھا۔ کینگروز کی جانب ایڈم زیمپا نے دو جبکہ نیتھن ایلس اور مارکس اسٹوئنس نے ایک ایک وکٹ لی۔پاکستان نے میچ کے لیے ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے اور حسن علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

آسٹریلیا نے گزشتہ میچ کی فاتح الیون کو برقرار رکھا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی تھی۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، امام الحق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، خوشدل شاہ، شاہین شاہ آفریدی، محمد وسیم جونیئر، حارث رؤف اور زاہد محمود پر مشتمل ہے جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، بین میک ڈرمٹ، مارنس لبوشین، مارکس اسٹوئنس، کیمرون گرین، ایلکس کیری، شان ایبٹ، نیتھن ایلس، ایڈم زامپا اور مچل سویپسن شامل ہیں۔