وزیراعظم محمدشہباز شریف کا کوٹ لکھپت جیل لاہور کا دورہ، قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان

اتوار 24 اپریل 2022 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2022ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل لاہور کا دورہ کیا اور پاکستان بھر میں قیدیوں کی سزا میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کیا ۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کیا جو جیلوں میں قیدیوں کی سہولت اور اور مجموعی نظام کی بہتری کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرے گی۔

اس کمیٹی میں چاروں صوبوں کی نمائندگی کرتے ہوئے افسران شامل ہوں گے۔وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ جو قیدی اپنی سزا مکمل کرلیں ان کو معاشرے کا فعال شہری بنانے میں ہرممکن سرپرستی حکومت کے فرائض میں شامل ہے،وزیراعظم نے کوٹ لکھپت جیل حکام کو خصوصی تاکید کی کہ قیدیوں کی سہولت کے لیے دستیاب ذرائع کو موثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے تاکہ قیدیوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے اس تناظر میں وزیراعظم نے قیدیوں کے کھانے پینے اور صحت کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کی تاکید کی ۔

(جاری ہے)

مزید برآں وزیراعظم نے قیدیوں کی ہنر سازی کے لیے بھی دستیاب ذرائع کو موثر طور پر استعمال میں لانے کی خصوصی ہدایت کی تاکہ قیدی اپنی سزا کا دورانیہ مثبت انداز میں پورا کر سکیں اور اپنے آپ کو سزا کے بعد معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے بھرپور طریقے سے تیار کرسکیں۔