آتشزدگی سے متاثرہ کپڑا گلی، شنکئی مارکیٹ تاروچوک میں کروڑوں روپے مالیت کے نقصانات کا ازالہ کیاجائے، مولانا عبد الرحمن رفیق

جمعرات 5 مئی 2022 21:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2022ء) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد سیکرٹری مالیات میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ سالار حافظ سید سعداللہ آغا حاجی ظفر اللہ خان کاکڑ ، حاجی ولی محمدبڑیچ چوہدری محمد عاطف میر فاروق لانگو مولانا حافظ سردار محمد نورزئی حاجی صالح محمد مولانا محمد عارف شمشیر مفتی محمد ابوبکر حافظ رحمان گل اور دیگر نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آتشزدگی سے متاثرہ کپڑا گلی، شنکئی مارکیٹ تاروچوک میں کروڑوں روپے مالیت کے نقصانات کا ازالہ کیاجائے، وجہ آتشزدگی کی فوری تحقیقات کرائیں بیک وقت تین سو زائد دوکانوں میں آگ لگنے سے سوالات نے جنم لیا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور قائم مقام گورنر خصوصی دل چسپی لیتے ہوئے غریب دوکان داروں کو بے آسرا اور بے روزگار ہونے بچائے اس سلسلے میں جمعیت علمائ اسلام ضلع کوئٹہ کے نائب امیر مولانا محمد ایوب، صادق خان اور بشیر خان پر مشتمل وفد نے شنکئی مارکیٹ کے متاثرین کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کرکے ان کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جتنی جلدی ممکن ہوسکے مارکیٹ کے متاثرین معاوضہ دیا جائے،ان دوکانداروں نے عید کے لئے قرضے لے کر دوکانیں بھردیں وہ سب کچھ بھسم ہوکر راکھ ہوگیا ، انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں تین سو سے زائد دوکانوں سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ تھا یہ غریب اور نان نفقہ کے محتاج مزدوروں اور دوکانداروں کیلئے بہت بڑا حادثہ اور صدمہ ہے، ضروری امر ہے اس کے ازالے کے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان عوامی نمائندوں اور تاجر برادری کی مشاورت سے فوری طور پر تمام متاثرہ دوکانوں کے مالکان کی لسٹ مرتب کرکے صاف اور شفاف طریقے سے ان کو معاوضہ دے ان کی زندگی کا پہیہ نہ روکنے دیں۔