محکمہ جنگلات پنجاب نے شجرکاری کی سہ ماہی تفصیلات جاری کر دیں

جمعہ 13 مئی 2022 18:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2022ء) محکمہ جنگلات نے شجرکاری کے حوالے سے سہ ماہی تفصیل جاری کر دی۔ ترجمان کے مطابق محکمہ جنگلات نے گذشتہ 3 ماہ میں صوبے بھر میں مجموعی طور پر شجرکاری کی 2091 سرگرمیاں منعقد کیں جن میں ساڑھے 4 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے،گذشتہ سہ ماہی کے دوران جوڈیشنری پلانیٹیشن ڈے، ڈیفنس، پولیس، ایجوکیشن، ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، اریگیشن، ایگریکلچر، اربن، لائیرز، سول سوسائٹی اور ریٹائرڈ آفیسرز پلانٹیشین ڈے سمیت دیگر مختلف عنوانات کے تحت شجرکاری ایونٹس منعقد کئے گئے جن میں اس دن کی مناسبت سے متعلقہ دفاتر اور اداروں میں بالخصوص شجرکاری کی گئی، اسی طرح مختلف شہروں کے ناموں کو عنوان بنا کر بھی وہاں شجرکاری سرگرمیاں کی گئیں، سب سے زیادہ سرگرمیاں ایجوکیشن پلانیٹیشن ڈے پر منعقد ہوئیں جو صوبے بھر کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں اور تعلیمی دفاتر میں منایا گیا۔

(جاری ہے)

اس سرگرمی میں 62 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے۔ شہروں کے نام سے منعقد ہونے والی سرگرمیوں میں سب سے زیادہ پودے گوجرانوالہ سرکل میں لگائے گئے جہاں گوجرانوالہ پلانٹیشن ڈے کے موقع پر تقریباً 15 ہزار کے قریب شجرکاری کی گئی۔ ترجمان کے مطابق فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ نے پہلی مرتبہ اداروں، لوگوں اور شہروں کو عنوان بنا کر شجرکاری کی منفرد سرگرمیاں منعقد کیں، محکمہ جنگلات اس کاوش کو آئندہ دنوں میں مزید وسیع کرنے کا بھرپور ارادہ رکھتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں، اداروں اور لوکل کمیونٹی کو شجرکاری میں شامل کیا جا سکے۔

سیکرٹری جنگلات شاہد زمان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شجرکاری اہداف کی تکمیل کیلئے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ شاہد زمان نے محکمہ جنگلات کے ضلعی افسران کو نرسریوں کیلئے سٹاک بڑھانے کی بھی ہدایات کی ہیں۔

متعلقہ عنوان :