صوبے یکم جون تک گندم کی خریداری کے اہداف مکمل کریں، شہباز شریف

درآمد کی جانے والی گندم کی صوبوں میں شفاف تقسیم کے لیے فوری کمیٹی قائم کی جائے، وزیراعظم

پیر 16 مئی 2022 23:18

صوبے یکم جون تک گندم کی خریداری کے اہداف مکمل کریں، شہباز شریف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2022ء) وزیراعظم شہباز شریف نے صوبوں کی طرف سے گندم کی خریداری کے اہداف پورے نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے یکم جون تک گندم کی خریداری کے اہداف حاصل کریں، باہر سے درآمد کی جانے والی گندم کی صوبوں میں شفاف تقسیم کے لیے فوری کمیٹی قائم کی جائے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ غریب عوام کی خدمت اولین فریضہ ہے۔

عوام کو کسی صورت مشکل میں نہیں ڈالا جا سکتا۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت ہر صورت کم قیمت پر آٹا فراہم کرے گی،کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت سیاست سے بالاتر ہو کرخیبرپختونخوا حکومت کی بھی ہر ممکن مدد کرے گی۔وزیر اعظم نے کہاکہ وفاقی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے، صوبے یکم جون تک گندم خریداری کے اہداف پورے کریں۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی کو ہدایت کی کہ باہر سے درآمد کی جانے والی گندم کی صوبوں میں شفاف تقسیم کے لیے فوری کمیٹی قائم کی جائے اوربہترین معیار کی گندم درآمد کو یقینی بنایا جائے۔