لاہور ہائی کورٹ، چالیس لاکھ روپے کے چیک ڈس آنر کیس میں ملزم کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور

منگل 17 مئی 2022 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 مئی2022ء) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عبدالعزیز چودھری نے چالیس لاکھ روپے کے چیک ڈس آنر کیس میں ملزم انوار الحق کی درخواست ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لی ہے مدعی مقدمہ نے کاروبار لین دین پر چیک ڈس آنر پر ملزم کے خلاف گوجرانوالہ تھانہ میں مقدمہ درج کروایا تھا دوران کیس کی سماعت ملزم کے وکیل غلام اللہ خان جوئیہ ایڈووکیٹ نے فاضل عدالت کو اپنے دلائل میں کہا کہ مدعی مقدمہ کا ملزم کو چیک دینا ثابت نہیں ہوا یہ امر ملزم کے ساتھ زیادتی ہے انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ چونکہ ملزم گوجرانولہ میں واپڈا میں اسسٹنٹ لائن مین تعینات ہے اتنی بڑی رقم کا چیک دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا جاری چیک پر ملزم کے دستخط بھی اصلی نہیں ملزم ریکارڈ یافتہ نہیں ہے جبکہ مدعی کے ساتھ کسی قسم کا کوئی مالی لین دین نہیں تھا انہوں نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ماتحت عدالت نے میرٹ پر فیصلہ نہیں کیا حالات اور واقعات کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کہ ملزم کی ضمانت منظور کی جائے مدعی مقدمہ نے ضمانت کی مخالفت کی فاضل عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم انوار الحق کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔