محکمہ ایکسائز سندھ کی روڈ چیکنگ مہم کا تیسرا دن، 11895 گاڑیاں چیک، ایک کروڑ روپے سے زائد ٹیکس وصول

جمعرات 19 مئی 2022 22:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2022ء) صوبے بھر میں ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکس وصولی مہم کے تیسرے دن محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کی ٹیموں نے صوبے بھر میں مجموعی طور پر 11895 گاڑیاں چیک کیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں 3925 حیدرآباد میں 2899 اور سکھر میں 1321 گاڑیوں کو چیک کیا گیا جبکہ لاڑکانہ میں1738 میرپور خاص میں 1478 اور شہید بینظیر آباد میں 534 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔

(جاری ہے)

روڈ چیکنگ مہم کے دوران مختلف وجوہات کی بنائ پر 799 گاڑیوں کو قبضے میں لیا گیا جبکہ 1158 گاڑیوں کے کاغذات بھی ضبط کئے گئے۔تیسرے دن تک مجموعی طور پر تقریبا ایک کروڑ دس لاکھ روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاؤلہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ پہلی مرتبہ موقع پر ہی ٹیکس جمع کروانے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے اور محکمہ ایکسائز سندھ کی روڈ چیکنگ مہم 3 جون تک جاری رہے گی۔