سی پیک نے پاک چین سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں نئی جہت کا اضافہ کیا ہے ، وزارت خارجہ میں آسیان سفارتی مشنز کے لیے سی پیک پر بریفنگ

جمعہ 20 مئی 2022 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) وزارت خارجہ نے آسیان کے رکن ممالک کے سفارتی مشنوں کے لیے چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک ) پر بریفنگ کا اہتمام کیا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیا پیسیفک) کی سربراہی میں بریفنگ دینے والے پینل میں وزارت کے علاوہ سی پیک اتھارٹی اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سینئر حکام شامل تھے۔

ایڈیشنل سیکرٹری نے بریفنگ میں سی پیک کے بنیادی ویژن کا ذکر کیا جو خطے کے ساتھ رابطے کی پاکستان کی خواہش اور وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مشرقی ایشیائی خطے کے ساتھ روابط کو گہرا کرنے میں دلچسپی پر مبنی ہے جو ویژن ایسٹ ایشیا کے تحت تصور کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک نے پاک چین سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ میں ایک نئی جہت کا اضافہ کیا ہے جو باہمی افہام و تفہیم اور احترام پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے اور خصوصی اقتصادی زونز میں شمولیت کے لیے دنیا بھر کے ترقیاتی شراکت داروں اور کاروباری اداروں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ بریفنگ پر وزارت خارجہ اور متعلقہ سرکاری محکموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفارتی مشنز کے سربراہان نے پاکستان اور آسیان کے رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانے میں باہمی دلچسپی کی پاسداری پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :