سی ڈی اے کے محنت کش سے بیوفائی اور غداری کسی صورت قبول نہیں ‘چوہدری محمد یٰسین

ہمارے محنت کشوں کی محبت نے ہمیشہ ہمیں ایک نیا حوصلہ دیا‘اورنگزیب خان انوائرمنٹ سی بی اے کمیٹی کے زیر اہتمام یاسمین گارڈن میں مزدور یونین کی مشاورتی کونسل کا اجلاس

پیر 23 مئی 2022 15:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) چوہدری محمد یٰسین گروپ انوائرمنٹ کمیٹی کے زیر اہتمام مشاورتی کونسل کااجلاس روز اینڈ یاسمین گارڈن میں منعقد ہوا ،اجلاس میں پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور قائد سی ڈی اے مزدور یونین چوہدری محمد یٰسین ،اورنگزیب خان ،راجہ شاکر زمان کیانی ،صوفی محمود علی ،علی اصغر مانی بٹ ،چوہدری زاہد احمد ،راجہ رئیس ،سردار محمد آصف ،ملک خلیل اعوان ،محمد فیاض عباسی ،قاری شیر عالم سیالوی ،راجہ بشارت ،ملک ریاض ،چوہدری سفیر ،چوہدری صغیر ،ملک مصطفی،سردارفرید ،سید امیر حسین شاہ کاظمی ،وارث دلیپ ،چوہدری انور ،چوہدری واجد گجر ،سلطان بہادر ،صدیق گجر ،تاج کیانی سمیت دیگر مرکزی عہدیداران اور کارکنوں کی کثیر تعدادنے شرکت کی،انوائرمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کارکنوں کی مشاورت سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ سی ڈی اے کے محنت کش اپنی تنظیم مزدور یونین کے قائدین سے اظہار تشکر اور عید ملن پارٹی کے حوالے سے 25مئی کو انوائرمنٹ ڈائریکٹوریٹ میں جو تقریب کرنے جا رہے تھے موجودہ ملکی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر مزدور یونین نے اپنے عہدیداران اورکارکنوں کی مشاورت سے اس تقریب کو فی الحال ملتوی کر دیا ہے اور انشاء اللہ پروگرام کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میںکیا جائے گا ،پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ریفرنڈم میں تاریخی کامیابی ملنے کے بعد مزدور یونین نے بلاتاخیر اپنے منشور میںکیے گئے وعدوں کے مطابق ایک بارپھر اپنی جدوجہد کا آغاز کیا اور ایک قلیل عرصے میں نہ صرف ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے مزدور یونین کی ٹیم تیزی سے کام جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ عید کے موقع پر تمام سی ڈی اے ملازمین کو بنیادی عیدالائونس کے علاوہ اعزازیہ اور دیگر الائونسزکو ڈبل کروانے اور خصوصاً سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ کے گارڈزکے لیے پانچ ہزار کا خصوصی سپیشل سیکورٹی الائونس اور حج قرعہ اندازی میں دس افرادکے اضافے سمیت مزدور یونین نے اپنے محنت کشوں کی بہتری کے لیے اقدامات شروع کیے ہیں جبکہ ماضی میں نا اہل ٹولہ جس نے اپنے گماشتوں کے ذریعے 30اپریل 2011کو مزدور یونین کی طرف سے ہونے والی پلاٹوں کی قرعہ اندازی کو رکوایا اور اقتدار میں آنے کے بعد عدالتی فیصلہ ہونے کے باوجود یہ مزدور دشمن ٹولہ ایک طرف تو ملازمین کے پلاٹوں کی قرعہ اندازی نہ کرواسکا اور دوسری طرف سی ڈی اے میں کام کرنے والے ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کروانے کی بجائے اپنی نا اہلی کی بنا کر انکو بے روزگار کروابیٹھے ،یہ مزدوردشمن ٹولہ ساڑھے تین سال سے زائد عرصہ تک محنت کشوں کے چندے پر عیاشی کرتا رہا اور انتظامیہ کی ٹائوٹ گیری میں مصروف رہا اور ریفرنڈم سے فرار کے لیے عدالتوں سمیت ہر راستہ اختیار کیا لیکن مزدور یونین انکو عوامی عدالت میں لانے میں کامیاب ہوئی اور پھر ریفرنڈم کے نتائج نے مزدوروں کے ساتھ غداری کرنے والے ٹولے کو عبرت کا نشان بنایا ،چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ بطور مزدور رہنماء سی ڈی اے کے محنت کش سے بیوفائی اور غداری کسی صورت قبول نہیںاور ہمارے محنت کشوں کی محبت نے ہمیشہ ہمیں ایک نیا حوصلہ دیا ،چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ مزدور یونین تمام چھوٹے سکیلوں میں کام کرنے والے ملازمین کے سکیلوں میں بلاتفریق اضافہ اور سنیارٹی کی بنیاد پر تمام ملازمین کی پروموشن کروانے سمیت سی ڈی اے کے ڈویلپ سیکٹرز میں ہزاروں ملازمین بشمول ریٹائرڈ اور بیوائوںکے پلاٹوں کی قرعہ اندازی جلد سے جلد کروانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد سی ڈی اے کے محنت کشوں کو اس حوالے سے خوشخبری ملے گی ،تقریب سے مزدور یونین کے دیگر مرکزی عہدیداران نے بھی خطاب کیا ۔