پی آئی اے31مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گی،حج آپریشن 8شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے کیا جائے گا، وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق کو بریفنگ

منگل 24 مئی 2022 00:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) پی آئی اے منصوبے کے مطابق31مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گی۔حج آپریشن ملک کے 8شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے کیا جائے گا۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے اس سلسلہ میں وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کو اہم امور پر بریفنگ دی ۔

بریفنگ میں حج آپریشن، مذہبی زیارات اور اندرون و بیرون ملک سیاحت کے فروغ، فضائی بیڑے میں اضافے جیسے اہم معاملات پر بریفنگ دی گئی۔ترجمان کے مطابق سعودیہ عرب میں حج پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی جبکہ پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن 297 پروازوں کے ذریعے 31مئی تا 13 اگست تک جاری رہے گا۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے اس مقصد کیلئے ایک بوئنگ 777 اور ایک ایئربس 320کو طویل مدتی سٹوریج سے نکالے گا جبکہ 4ائیربس 320 طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایک طیارہ گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچ گیا ہے جس کی کسٹم اور ایف بی آر سے کلیئرنس کروائی جارہی ہے۔ دوسرا طیارہ اس ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گا۔وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے ہدایات جاری کیں کہ اضافی جہازوں کی بیڑے میں شمولیت سے فضائی آپریشن کو تقویت ملے گی اور نیٹ ورک کی وسعت میں مددگار ثابت ہو گی۔پی آئی اے زائرین کی سہولت کیلئے دمشق اور نجف الاشرف کے فضائی آپریشن کو بھی وسعت دے رہا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عاشورہ اور اربعین کے موقع پر پی آئی اے دمشق اور نجف کی اضافی پروازیں بھی چلائے جبکہ پاکستانی سیاحوں کی سہولت کی خاطر پی آئی اے نے باکو(آذربائجان) کی پروازوں کو بھی دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے سکردو، گلگت اور چترال کی پروازوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے۔سکردو کی ہفتہ وار 18، گلگت کی ہفتہ وار 24 اور چترال کی ہفتہ وار 2پروازیں چلائی جارہی ہیں۔

ان پروازوں کو اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی منسلک کیا جارہا ہے۔وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے پی آئی اے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کارگو کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات پر مشتمل سفارشات لے کر آئے۔پی آئی اے اپنے بزنس کلاس پراڈکٹ کو بہتر بنانے کیلئے کراچی، لاہور اور اسلام آبادائیرپورٹس پر بزنس کلاس لائونجز کی تزین و آرائش کروائے۔