Live Updates

تحریک انصاف ،پولیس کے درمیان شدید جھڑپوں کے باعث لبرٹی چوک میدان جنگ بن گیا

پولیس کی لبرٹی چوک میں جمع ہونے والے کارکنان پر شدید شیلنگ ،جواب میں کارکنوں نے پولیس پر پتھرائو کیا پولیس ، کارکنوں میں جھڑپوں کی وجہ سے لبرٹی چوک اور اس سے ملحقہ تمام شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام جام ہو گیا تحریک انصاف نے پر تشدد احتجاج کرنا ہوتا تو کیا خواتین اور بچوں کو ہمراہ لایا جاتا ؟ سیکرٹری اطلاعات مسرت چیمہ

بدھ 25 مئی 2022 23:10

تحریک انصاف ،پولیس کے درمیان شدید جھڑپوں کے باعث لبرٹی چوک میدان جنگ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2022ء) پاکستان تحریک انصاف اور پولیس کے درمیان شدید جھڑپوں کے باعث گلبرگ کا علاقہ لبرٹی چوک میدان جنگ بن گیا ،پولیس کی جانب سے احتجاج کیلئے لبرٹی چوک میں جمع ہونے والے کارکنان پر شدید شیلنگ کی گئی جس کے جواب میں کارکنوں نے پولیس پر پتھرائو کیا ، پولیس اور کارکنوں میں جھڑپوں کی وجہ سے لبرٹی چوک اور اس سے ملحقہ تمام شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام جام ہو گیا ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف پنجاب کی قیادت کی جانب سے آزادی مارچ کے قافلوں کو روکنے کے خلاف کارکنوں کو لبرٹی چوک میں جمع ہو کر احتجاج کی کال دی گئی ۔ رات کے وقت کارکنان بڑی تعدادمیں لبرٹی چوک میں جمع ہو کر حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے کہ اسی دوران پولیس اور کارکناں کے درمیان چھڑپیں شروع ہوئیں،جس سے افراتفری میچ گئی اور شرکاء میں دوڑیں لگ گئی ۔

(جاری ہے)

احتجاج میں موجود تحریک انصاف کے کارکنا ن مشتعل ہو گئے اور انہوں نے پولیس پر شدید پتھرائو کیا جس کے جواب میں پولیس نے دوبارہ شیلنگ کی۔ پولیس اور پی ٹی آئی کے کارکنان میں جھڑپوں کی وجہ سے لبرٹی چوک کا علاقہ میدان جنگ بنا رہا جس کی وجہ سے تمام کاروبار بھی بند کر دیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے لبرٹی سمیت کئی شاہراہوں کو ٹریفک کے لئے بلاک کر رکھا تھا اورجب راستوں کو کھولنے کی درخواست کی گئی تو پولیس پر حملہ کیا گیا اور کارکنان نے پتھرائو کیا ۔

یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ مشتعل کارکنان املاک اورلوگوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا رہے تھے جس پر پولیس نے کارروائی کی ۔پولیس شیلنگ کے بعد پی ٹی آئی کے مرد و خواتین کارکنان لبرٹی گول چکر کے اوپر جمع ہو گئے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے ۔ جھڑپوں کی وجہ سے لبرٹی چوک اور ملحقہ شاہراہوںپر ٹریفک کا نظام بری طرح جام ہو گیا ۔

تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ لبرٹی چوک میں جمع ہونے والے پی ٹی آئی کے پر امن لوگوں پر شیلنگ بربریت کی انتہاہے ۔لوگ اپنی فیملیوں کے ہمراہ لبرٹی چوک میں پر امن طور پر موجود تھے کہ پولیس نے دھاوا بول دیا،تحریک انصاف نے پر تشدد احتجاج کرنا ہوتا تو کیا خواتین اور بچوںکو ہمراہ لایا جاتا ،مریم صفدر کے کہنے پر پولیس نے تحریک انصاف کے پر امن اور نہتے کارکنوں پر حملہ کیا ۔

انہوں نے کہاکہ ناکام حکمران جان بوجھ کر ملکی حالات کو خراب کرنا چاہتے ہیں جس کے ثبوت بھی سامنے آ گئے ہیں،پاکستان تحریک انصاف ابھی تک پر امن ہے لیکن ہم متنبہ کرتے ہیں ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمران یاد رکھیں وقت سدا ایک جیسا نہیں رہنا ،خواتین اوربچوں پر شیلنگ کا حکم دینے والے پولیس افسران قانون کے کٹہرے میں آنے سے بچ نہیں سکیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات