ممالک میں منکی پاکس کے 200 سے زیادہ کیسز کی تصدیق

جمعرات 26 مئی 2022 23:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2022ء) دنیا کے 22 ممالک میں منکی پاکس کے 200 سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے۔یورپی یونین کے سینٹر فار ڈیزیز پریونٹیشن اینڈ کنٹرول (ای سی ڈی سی) کے مطابق اب تک مختلف ممالک میں منکی پاکس کے 219 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ای سی ڈی سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اب تک یورپ کے ایک درجن سے زائد ممالک میں کم ازکم ایک کیس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ پہلی بار ہیکہ منکی پاکس کا وائرس مغربی یا وسطی افریقہ سے باہر گردش کررہا ہے۔اب تک سب سے زیادہ کیسز برطانیہ میں سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 71 ہے جس کے بعد اسپین 51 اور پرتگال 37 کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔یورپ سے باہر کینیڈا میں 15 اور امریکا میں 9 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر برطانیہ، آسٹریا، بیلجیئم، فرانس، جرمنی، اٹلی، پرتگال، سلوانیا، اسپین، سوئیڈن، نیدرلینڈز، ڈنمارک، چیک ریپبلک، سوئٹزرلینڈ، ناروے، اسرائیل، کینیڈا، امریکا ، آسٹریلیا، ارجنٹینا، متحدہ عرب امارات اور ویلز میں منکی پاکس کے کم از کم ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ای سی ڈی سی کے مطابق 20 مئی کے بعد چند دن میں دنیا بھر میں مجموعی کیسز کی تعداد میں 5 گنا اضافہ ہوا ، 20 مئی کو یورپی یونین ایجنسی نے 38 کیسز کو رپورٹ کیا تھا۔منکی پاکس دراصل ایک ایسا وائرس ہے جو بنیادی طور پر جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ منکی پاکس، وائرس کے پاکس وائری ڈائے (Poxviridae) فیملی سے تعلق رکھتا ہے، اس فیملی کو مزید 2 ذیلی خاندانوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں 22 ویرینٹ ہیں اور مجموعی طور پر اس فیملی میں وائرس کی 83 اقسام ہیں۔اس فیملی سے تعلق رکھنے والے وائرس میں ’اسمال پاکس‘ یعنی چیچک بھی شامل ہے اور علامات میں قریب ترین ہونے کی وجہ سے منکی پاکس کو اس کا کزن بھی کہا جاتا ہے۔