ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا

Tariq Majeed Khokhar طارق مجید کھوکھر جمعہ 27 مئی 2022 12:36

ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس ..
جہلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2022ء) ڈپٹی کمشنر جہلم کامران خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویجیلنس کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ہمایوں، ڈی او لیٹریسی میمونہ انجم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ اٹارنی رانا خالد و دیگر ضلعی افسران اور بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بھٹہ جات کے متعلق شکایات چائلڈ لیبر، جبری مشقت، انسانی سمگلنگ کی روک تھام، لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کرنے والے سکولوں میں درپیش مسائل، بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی، سوشل سیکورٹی کارڈز کے اجراسمیت دیگر معاملات کا تفصیلا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کامران خان نے کہا کہ بھٹہ مالکان لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ تعاون کریں اور مل کر کام کریں تاکہ بھٹہ خشت مزدوروں کے بچوں کو سکولوں میں بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں، یہ ہم سب کی ذمہ داری بھی ہے اور صدقہ جاریہ بھی ہے۔

(جاری ہے)

مزید ڈپٹی کمشنر کامران خان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات کو ہدایت کی کہ بھٹوں کی انسپکشن کے عمل کو تیز کریں، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا سموگ ماحول کے لیے انتہائی خطرناک ہے جو کہ مختلف بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، حکومتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔

اس کے علاوہ انہوں نے انسانی اسمگلنگ اور چائلڈ لیبر کی روک تھام کے حوالے سے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :