کوہاٹ، کوئلے کی کانوں پر تنازع ،فریقین کے مابین خونریز تصادم کے نتیجے میں 3فراد جاں بحق ،4 زخمی ہوگئے

ہفتہ 28 مئی 2022 15:10

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن درہ آدم خیل کے علاقہ بوستی خیل میں کوئلے کی کانوں پر تنازع نے سنگین شکل اختیار کرلی جہاںفریقین کے مابین خونریز تصادم کے نتیجے میں 3فراد موقع پر جاں بحق اور4 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ علاقہ میں حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بوستی خیل میں دو فریقین بوستان کول کمپنی (ملک نورحبیب گروپ)اور بوستی خیل کول کمپنی (اسد عرف شمشیر گروپ)کے مابین گزشتہ ڈیڑھ دوسالوں سے کوئلے کی کانوں پر تنازع چلا آرہاہے جسے ہر فورم پر حل کرانے کی کوششیں کی گئیں تاہم خاطرخوا ہ کوئی خاص کامیابی نہ ہوسکی اوربالآخر اس تنازع نے خونی شکل اختیار کرلی۔

مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہفتہ کی صبح بوستی خیل کمپنی کا جرگہ سرہ میلہ میںجاری تھاجس میں مبینہ طورپر کوئلہ کو زبردستی اٹھاکر لے جانے کا فیصلہ ہونا تھا تاہم مخالف فریق نے اس اقدام کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے شدید مزاحمت کی دھمکی تھی۔

(جاری ہے)

اطلاعات کے مطابق دونوں فریقین کے مابین کوئلے کی ترسیل کے تنازع پرمزید شدت آگئی اورہفتہ کے روز دونوں فریقین کے مسلح افراد نے ایک دوسرے پرشدید فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں3 افراد جاںبحق اور4 دیگرزخمی ہوگئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں تین نوجوان رحیم اللہ ولد گل میرشاہ‘ جمشید ولد محمدحسین اور ہارون ولد مخالفین جاں بحق ہوگئے جبکہ زخمیوں میں ارشد ولد آغاجان اور شعیب ولد محمدحسین سمیت دیگر متعدد افراد شامل ہیں۔اطلاعات کے مطابق جاں بحق ایک نوجوان ہارون کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔ پولیس نے 2افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 2افراد کی لاشیں اور 4 زخمی ڈویژنل ہیڈ کوارٹرہسپتال کوہاٹ لائے گئے ہیں جن میںبعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

اٴْدھربوستی خیل میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد حالات انتہائی کشیدہ ہوگئے ہیں جہاںدوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے تاہم دیگر قبیلوں کے سرکردہ رہنماؤں اور پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر حالات قابو کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔