آئی جی اسلام آباد نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈائون کے احکامات جاری

کسی بھی علاقے سے منشیات سپلائی، منشیات سپلائی میں مدد یا عام کرنے کی شکایت پر متعلقہ افسر کے خلاف بلاتخصیص اور بلا رینک ایکشن ہو گا،ڈاکٹراکبر ناصر خان

ہفتہ 28 مئی 2022 20:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈائون کے احکامات جاری کر دئیے ، تمام افسران کو تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف زیر و ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی،آئی جی اسلام آباد ں؁ کہا ہے کہ کسی بھی علاقے سے منشیات سپلائی، منشیات سپلائی میں مدد یا عام کرنے کی شکایت پر متعلقہ افسر کے خلاف بلاتخصیص اور بلا رینک ایکشن ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے تمام زونل افسران کو ضلع بھر میں منشیات فروشی کے خاتمہ کے لئے بھرپور کریک ڈائون کے احکامات جاری کر دئیے ۔ تمام تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی علاقے سے منشیات سپلائی ، منشیات فروشوں کی مدد یا اسے عام کرنے کی شکایت موصول ہوئی تومتعلقہ افسران کے خلاف بلا تخصیص اور بلا رینک سخت محکمانہ و قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو خطوط بھی ارسال کئے جا رہے ہیں کہ وہ اپنے اداروں میں رہائش پذیر طلباء کی کڑی نگرانی کریں ، تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اداروں میں اس ناسور کا سدباب کریں ۔ نیز اسلام آباد پولیس یہ توقع کرتی ہے کہ تمام تعلیمی اداروں کے انتظامی سربراہان منشیات کے سدباب کے لئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے ۔ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور ایسے گھناونے کاروبار میں ملوث عناصر کو ہرصورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔