جاری مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران ای بینکاری میں مستحکم نمو جاری

جمعرات 16 جون 2022 17:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2022ء) ملک میں انٹرنیٹ بینکاری کے استعمال کنندگان کی تعداد بڑھ کر7.6 ملین تک پہنچ گئی، مجموعی بینکاری لین دین کے حجم میں سہ ماہی بہ سہ ماہی بنیادوں پر2.6فیصد اورمالیت میں6.5فیصد کی نموریکارڈکی گئی ہے۔ یہ بات سٹیٹ بینک کے مالی سال 2021-22 کے لیے نظام ادائیگی کی تیسری سہ ماہی رپورٹ میں کہی گئی ہے جو جنوری تا مارچ 2022 کی مدت کے متعلق ہے۔

رپورٹ میں ملک میں ڈجیٹل ذرائع کے بڑھتے ہوئے استعمال کا مجموعی منظرنامہ پیش کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک ملک میں ادائیگیوں کے مضبوط اور مثر ایکوسسٹم کو فروغ دینے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ رپورٹ کے مطابق تیسری سہ ماہی کے دوران مجموعی بینکاری لین دین کے حجم میں سہ ماہی بہ سہ ماہی بنیادوں پر2.6فیصد اورمالیت میں6.5فیصد نمو دیکھی گئی،جبکہ سال بسال بنیادوں پر حجم میں 32.7فیصد اور مالیت میں57.5 فیصد نمو ہوئی۔

(جاری ہے)

مزید تقسیم سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس نمو کا ایک اہم حصہ انٹرنیٹ بینکاری اور موبائل بینکاری ٹرانزیکشنوں میں مسلسل توسیع پر مشتمل تھا۔ رجسٹرڈ انٹرنیٹ بینکاری کے استعمال کنندگان کی تعداد بڑھ کر7.6 ملین تک پہنچ گئی جو اس میں10.6فیصد کی نمو کو ظاہر کرتا ہے، جس کے نتیجے میں سہ ماہی بہ سہ ماہی بنیادوں پر ٹرانزیکشنوں کے حجم اور مالیت میں بالترتیب 13.5فیصد اور19.9فیصد کی دوہندسی نمو حاصل ہوئی۔

اس ذریعے سے مجموعی طور پر2,906.9ارب روپے مالیت کی38.3ملین ٹرانزیکشنوں کو پروسیس کیا گیا۔ موبائل بینکاری کی ٹرانزیکشنوں کا حجم 101.5 ملین رہا جن کی مالیت3,085.8ارب روپے تھی، جو اس میں سہ بہ سہ ماہی بنیادوں پر بالترتیب8.1فیصد اور5.4فیصد کی نمو کو ظاہر کرتا ہے۔ ریٹیل شعبے کے تحت پی او ایس نوعیت کے لین دین میں اضافے کا رجحان برقرار رہا۔ اس عرصے کے دوران نصب شدہ پی او ایس ٹرمینلز کی تعداد 96,975 تک جا پہنچی جو گذشتہ سہ ماہی میں 92,153 تھی۔

اس طرح پی اوایس ٹرمینلزمیں 5.2 فیصد کا اضافہ ہوا۔ ان پی او ایس ٹرمینلز کے ذریعے پروسیس ہونے والی ٹرانزیکشنوں کی مجموعی تعداد 38.3 ملین رہی جن کی مجموعی مالیت 189.7 ارب روپے تھی۔ اس طرح لین دین کے حجم میں سہ ماہی نمو 21.9 فیصد اور ان کی مالیت میں 6.5 فیصد رہی ۔ اے ٹی ایم کی تعداد 16,897 ہوگئی جن سے ہونے والی ٹرانزیکشنوں کا حجم 171.3 ملین اور ان کی مالیت 2,437.0 ارب روپے رہی۔

علاوہ ازیں، بینکوں کے ساتھ آن بورڈ ای کامرس دکانداروں کی تعداد بھی دو ہندسی 12.0 فیصد نمو کے ساتھ 4,445 تک پہنچ گئی۔ سہ ماہی کے دوران ای کامرس کے تحت مجموعی طور پر 9.1 ملین ٹرانزیکشنز انجام دی گئیں جن کی مجموعی مالیت 27 ارب روپے تھی۔ ای کامرس ٹرانزیکشنوں میں حجم اور مالیت دونوں میں سال بسال بنیاد وں پر بالترتیب 62.8 فیصد اور 77.1 فیصد کی عمدہ نمو دیکھی گئی۔

کاغذ پر مبنی لین دین کے حجم میں منفی 2.9فیصد کمی ہوئی حالانکہ اس کی قدر تقریبا گذشتہ برس کی سطح پر رہی جس میں گذشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں صرف 0.6 فیصد اضافہ ہوا۔ آر ٹی جی ایس کے نظام کے ذریعے 155.7 ٹریلین روپے کی کل 1.08 ملین ٹرانزیکشنز کو پروسیس کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال 22 کی تیسری سہ ماہی کے اختتام تک کل 47.2 ملین پیمنٹ کارڈز گردش میں تھے۔ وہ پیمنٹ کارڈز زیادہ تر ڈیبٹ کارڈز 62.3 فیصد ، سوشل ویلفیئر کارڈز 23.3 فیصد،صرف اے ٹی ایم کارڈز 10.3 فیصد ، کریڈٹ کارڈز 3.7 فیصد اور پری پیڈ کارڈز 0.3 فیصد پر مشتمل تھے۔

متعلقہ عنوان :