گرے لسٹ سے نکلنا تحریک انصاف کی حکومت اور حماد اظہر کے سرایک اور سہرا،شوکت ترین

اب فیٹف سے نکلنے کے بعد سوال یہ ہے کہ عمران خان کی حکومت کیوں تبدیل ہوئی؟میاں صاحب عام آدمی پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی ٹیم کو روس جانے دیں،سابق وزیر خزانہ

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 17 جون 2022 14:02

گرے لسٹ سے نکلنا تحریک انصاف کی حکومت اور حماد اظہر کے سرایک اور سہرا،شوکت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جون2022) سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کاکہناہے کہ گرے لسٹ سے نکلنا پی ٹی آئی کی حکومت اور حماد اظہر کے سر ایک اور سہرا ہے۔اب فیٹف سے نکلنے کے بعد سوال یہ پیدا ہوتاہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کیوں تبدیل ہوئی،گزشتہ دو سال میں مضبوط معاشی پالیسی اور کورنا کےخلاف جنگ میں کامیابی ہماری حکومت کا خاصہ تھا۔

شوکت ترین نے ٹویٹر پرٹویٹ کرتے ہوئے کہاکہ میاں صاحب عام آدمی پر بوجھ ڈالنے کے بجائے اپنی ٹیم کو روس جانے دیں،ٹارگٹڈ سبسڈی متعارف کرائیں اور غیر ضروری اخراجات میں کمی لائیں۔انکا کہناتھاکہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے ایف بی آر کو ریونیو میں اضافہ کرنےکا کہیں ۔واضح رہےکہ ایف اے ٹی ایف اجلاس کا آج آخری روز ہے،اجلاس کے اختتام پر آج ممالک کے گرے لسٹ سے متعلق اسٹیٹس کا اعلان ہو گا۔

(جاری ہے)

جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کے ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک کی اطلاعات ہیں کہ اس بار معاملہ پاکستان کے حق میں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ معاملات پاکستان کے حق میں جاتے دیکھائی دیتے ہیں، اجلاس میں دیگر ممالک کی رضامندی اور تسلی بھی معنی خیز ہوتی ہے۔پاکستان گرے لسٹ سے نکلتا ہے تو بھی معاملات طے ہونے میں 7 سے 8 ماہ لگ سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گرے لسٹ سے نکلنے پر فیٹف ٹیم جائزے کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔قبل ازیں دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے تمام اہداف پورے کرلیے ہیں، جس کے بعد پاکستان کے فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔دفتر خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے اجلاس کیلئے متعلقہ امور کی نگرانی وزارت خارجہ کے سپرد کردی گئی جس کے بعد وزارت خارجہ نے اس حوالے سے محتاط حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا ۔

خیال رہے کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے گزشتہ اجلاس میں پاکستان کو جون تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا، اجلاس میں پاکستان کو جون تک اہداف حاصل کرنے کا وقت دیا گیا ہے۔ایف اے ٹی ایف کے مطابق 27 میں سے 26 نکات پر پاکستان نے کام کر لیا ہے