وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا انسداد ڈینگی سے متعلق درست ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر برہمی کااظہار، مستند ڈیٹا کیلئے ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت

چیف سیکرٹری سے انسداد ڈینگی کے حوالے سے ہر ضلع کی کارکردگی رپورٹ طلب، سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹر قائم کرنے کا فیصلہ

بدھ 29 جون 2022 23:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جون2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے انسداد ڈینگی سے متعلق درست ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر برہمی کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی کے لئے کئے گئے اقدامات اور فراہم کردہ ڈیٹا میں مطابقت ہونی چاہیئے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ڈینگی کے مستند ڈیٹا کیلئے ڈیش بورڈ بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے چیف سیکرٹری سے انسداد ڈینگی کے حوالے سے ہر ضلع کی کارکردگی رپورٹ طلب کرلی ہے اور ہدایت کی ہے کہ اضلاع کی کارکردگی رپورٹ 3 روز میں پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ فیلڈ وزٹ اورروزانہ میٹنگ کرکے انسداد ڈینگی کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے۔ڈینگی کنٹرو ل کیلئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اضلاع کی ستائش کی جائے گی اور خراب کارکردگی پر جواب طلبی ہو گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ ڈینگی کنٹرول کیلئے وارڈز اور یونین کونسل کی سطح پر عوامی نمائندوں سے معاونت لی جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ کورونا،ڈینگی اورکانگو جیسے امراض چیلنج ہیں،مربوط انداز میں کام کرکے دکھانا ہوگا۔عوام کو کورونا، ڈینگی اوردیگر امراض سے بچانے کا چیلنج ضرورپورا کریں گے۔ اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کاؤنٹر قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمدحمزہ شہباز کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کورونا اورڈینگی سے بچاؤ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کورونا،ڈینگی اورکانگو وائرس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وبائی امراض کے ماہرین نے اپنی تجاویز اورسفارشات پیش کیں۔ صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق،ایم پی اے خواجہ عمران نذیر،چیف سیکرٹری،صوبائی سیکرٹریز،متعلقہ حکام اورماہرین نے شرکت کی۔ راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ ملتان، اور شیخوپورہ کے ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔