اے این ایف کی ساہیانوالہ ٹول پلازہ کے قریب کارروائی دورانِ تلاشی 2 ہنڈا کاروں سے 121 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد

جمعرات 30 جون 2022 15:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2022ء) اے این ایف انٹیلی جنس اور اے این ایف فیصل آباد نے ساہیانوالہ ٹول پلازہ فیصل آباد کے قریب مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دورانِ تلاشی 2 ہنڈا کاروں سے 121 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرلی ۔برآمدشدہ منشیات میں 85 کلو 200 گرام چرس اور 36 کلوگرام افیون شامل ہے۔دورانِ کارروائی سید وہاب، نادر خان، اور محمد شفیق نامی تین ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا ۔

(جاری ہے)

دوسری کارروائی پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر عمل میں لائی گئی۔اے این ایف انٹیلیجنس کی اطلاع پر اے ایس ایف کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران مسافر سے آئس برآمد کرلی ۔چارسدہ کا رہائشی محمد ابرار نامی ملزم پرواز نمبر QR-601 کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہو رہا تھا۔ ملزم نے 3 کلو 104 گرام آئس مہارت سے ٹرالی بیگ میں چھپا رکھی تھی۔تمام ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔