وزیراعلی سندھ سے چینی وفد کی ملاقات ، صوبے میں کام کرنے والے چینی شہریوں اور جامعہ کراچی خودکش حملےکی تحقیقات میں پیش رفت پر تبادلہ خیال

پیر 4 جولائی 2022 16:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2022ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چین کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی ٹی ڈی گاؤ فی کی قیادت میں 13 رکنی چینی وفد نے ملاقات کی جس میں صوبہ سندھ میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی اور جامعہ کراچی میں خودکش حملے کی تحقیقات میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلی ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں چیف سیکرٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، سیکرٹری داخلہ سعید منگنیجو، ایڈیشنل آئی جی (سی ٹی ڈی) عمران یعقوب منہاس اور وزیراعلیٰ کے اسپیشل سیکرٹری رحیم شیخ نے شرکت کی۔

چینی وفد کے ارکان میں کراچی میں چین کے قونصل جنرل لی بیجیان ، چینی سفارتخانے میں پولیس قونصلر لی چنگ چُن ، ٹیکنیکل ماہر لی ژی گانگ ،سی ٹی ڈی کے ایم پی ایس لی ژاؤ گوانگ ، ڈائریکٹر، سائبر سکیورٹی کے ٹیکنیکل ایکسپرٹ ما جِنگ چاؤ ،شنگھائی پولیس اتھارٹی کے پی لی اچی اور دیگرشامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محکمہ پولیس کے جمع کردہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 3637 چینی سندھ میں سی پیک کے آٹھ منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 3361 چینی ماہرین کی حفاظت کیلئے 1500 پولیس اہلکار، 517 آرمی کے جوان، 173 رینجرزاہلکار، 28 ایف سی اہلکار اور 1143 نجی سکیورٹی گارڈز تعینات ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سی-پیک کی سکیورٹی کاکام ایس ایس ڈی کی 441 بریگیڈ کی جانب سے کیا جارہا ہےاور اسے سندھ پولیس کے اسپیشل پولیس یونٹ کی مدد حاصل ہے۔وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق 21 حکومتی سپانسرڈ (نان سی-پیک) منصوبے ہیں جن میں این ای ڈی یونیورسٹی اور کراچی یونیورسٹی شامل ہیں اور 194 پرائیویٹ سپانسرڈ (نان-سی-پیک) منصوبے ہیں جہاں 2879 چینی باشندے کام کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انکی حکومت انہیں سکیورٹی بھی فراہم کر رہی ہے۔کراچی یونیورسٹی خودکش حملہ کیس کی پیش رفت کے حوالے سے آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کیس کی مختلف پہلؤں سے تفتیش میں تکنیکی اور زمینی حقائق سے استفادہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی انٹیلیجنس ٹیم کی کوششوں سے ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تحقیقات کی تفصیلات چینی متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہیں۔چینی وفد نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ وہ سی ٹی ڈی اور سندھ پولیس کی سپیشل برانچ کو تکنیکی طور پر مضبوط کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے تعاون پر چینی حکام کا شکریہ ادا کیا۔